مہم جوئی کی غلطی بھارت کوصحفہ ہستی سے مٹا دے گی،اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز
بھارت سے تجارت ختم ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا،پاکستان کو ساٹھ ارب جبکہ بھارت کو چار سو ارب روپے سالانہ نقصان ہو گا،شاہد رشید بٹ
اسلام آباد (ایمرا نیوز آن لائن)اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ بھارت نے مہم جوئی کی تو اسکا وجود صحفہ ہستی سے مٹ جائے گا۔ پاکستان کا موسٹ فیورڈ نیشن (پسندیدہ ریاست) کا درجہ ختم کرنے سے پاکستانی معیشت پر منفی اثر نہیں پڑے گا بلکہ نقصان بھارت کا ہے کیونکہ تجارتی توازن بھارت کے حق میں ہے ۔بھارت نے پاکستانی برامدات پر دو سو فیصد تک کسٹم ڈیوٹی عائد کر دی ہے اس لئے پاکستان بھی جوابی اقدام کرے۔ شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے پاکستان کو تئیس سال قبل پسندیدہ ریاست قرار دیا تھا مگر ساتھ ہی مختلف محصولاتی و غیر محصولاتی رکاوٹیں بھی عائد کر دی تھیں اس لئے دو طرفہ تجارت چند ارب ڈالر تک محدود رہی جس کا توازن ہمیشہ بھارت کے حق میں ہی رہا۔تجارت کے خاتمہ سے پاکستان کو ساٹھ ارب روپے جبکہ بھارت کو چار سو ارب روپے تک کا سالانہ نقصان ہو گا۔ پاکستانی برامدات میں فروٹ، سیمنٹ، چمڑا، کیمیکل اور مصالحے وغیرہ شامل ہیں جبکہ بھارت سے کپاس، رنگ، کیمیکل، سبزیاں، لوہا اورفولاد درامد کیا جاتا ہے۔ تجارتی کشمکش سے پاکستان کے سیمنٹ کے شعبہ پر معمولی اثر پڑے گا جبکہ ٹیکسٹائل کی صنعت کی کاروباری لاگت میں کچھ اضافہ ممکن ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کی عالمی تنہائی کیلئے کوشاں ہے مگر اسکی سازشیں ناکام ہونگی۔