کراچی‘ پی ایس ایل فور میچز کے آغاز سے قبل مشکوک افراد کی پکڑ دھکڑ شروع
کراچی(ایمرا نیوز آن لائن)کراچی میں پی ایس ایل فور کے میچز شروع ہونے سے قبل سیکورٹی پلان کے تحت ماضی میں کرمنلز ریکارڈ رکھنے والوں اور مشکوک افراد کی پکڑ دھکڑ شروع کر دی گئی۔ ہفتے کی صبح شہر کے مختلف علاقوں میں ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسز میں سرچ آپریشن کے دوران مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا تھا جنہیں پوچھ گچھ کے بعد رہا کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کی صبح نیپئر پولیس کی بھاری نفری نے علاقے میں قائم ہوٹلوں میں سرچ آپریشن کے دوران کمروں کی تلاشی لی اور مسافروں کے کوائف چیک کیے، تاہم کسی اہم ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔ صدر کے اطراف میں اور ریگل چوک کے قریب گلیوں میں واقع چھوٹے مسافر ہوٹلوں میں بھی سیکورٹی اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران وہاں ٹھہرے ہوئے مسافروں کے کوائف چیک کیے جبکہ نرسری، ڈیفنس، گلشن اقبال اور اطراف کے علاقوں میں واقع بنے ہوئے نجی گیسٹ ہاؤسز میں بھی سیکورٹی اداروں، پولیس اور رینجرز نے چیکنگ کی۔ گیسٹ ہاؤسز کے رجسٹر چیک کیے گئے اور ٹھہرے ہوئے مسافروں سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔ ذرائع کے مطابق چند مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا تھا جنہیں پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں موجود غیر ملکی ایجنسیوں کے آلہ کار شہر کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں اور سیاسی و مذہبی کارکنوں کی پے درپے ٹارگٹ کلنگ اسی منصوبے کا حصہ ہے تاکہ شہر کا امن سبوتاڑ کیا جاسکے، تاہم سیکورٹی اداروں نے موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے سر جوڑ لیے ہیں۔