کولمبو : پاکستان نے بائولنگ اور بیٹنگ دونوں شعبوں میں سری لنکا کو آئوٹ کلاس کرتے ہوئے کولمبو میں دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 222 رنز سے شکست دیکر سریز میں کلین سوئپ کر لیا۔ کولمبو ٹیسٹ کے چوتھے روز سری لنکا کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 188 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ قومی سپنر نعمان علی نے لنکن بیٹرز کو چکرا کر رکھ دیا۔ انہوں نے 70رنز دیکر سات وکٹیں حاصل کیں جبکہ فاسٹ بائولر نسیم شاہنے 44رنز کے عوض 3کھلاڑی آئوٹ کئے ۔ سری لنکا کی طرف سے انجیلو میتھیوز نے63 رنز ناٹ آئوٹ کی اننگز کھیلی اور پاکستانی بائولرز کے سامنے کچھ مزاحمت دکھائی ،ڈیموتھ کرونا رتنے نے 41رنز اورنیشان مد شاکا نے 33رنز کی باری کھیلی جبکہ 6کھلاڑی ڈبل فگرز کراس نہ کرسکے ۔ اس سے قبل پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 576 رنز پر اننگز ڈیکلیئر کی ، پاکستان ٹیم کو میزبان ٹیم پر 410 رنز کی سبقت حاصل رہی ۔ سلمان علی آغا 132 جبکہ محمد رضوان 50 رنز بنا کر نا ٹ آؤٹ رہے۔ ،قومی ٹیم کے اوپنر عبداللہ شفیق 201 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، عبداللہ شفیق نے 322 گیندوں پر 200 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 19 چوکے اور 4 چھکے شامل ہیں۔سعود شکیل 57 ، شان مسعود 51 اور بابراعظم 39 رنز بناکر نمایاں رہے، سرفرازاحمد 14 اور امام الحق نے 6 رنز بنائے، سری لنکا کے اسیتھا فرنینڈو 3 اور پرابتھ جے سوریا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 166 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی تھی۔پاکستان نے ہمبنٹوٹا میں پہلا ٹیسٹ میچ بھی اپنے نام کیا تھا ۔
