فیصل آباد:شہر اور گردونواح میںمختلف واقعات کے دوران 12 سالہ لڑکے سمیت 3 افراد جاں بحق‘ میاں بیوی اور بیٹا بری طرح زخمی ہو گئے، ریسکیو1122 نے نعشیں پولیس کے حوالے کرتے ہوئے زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال داخل کروا دیا۔ تفصیل کے مطابق سمندری روڈ پر ناولٹی پل کے قریب بس سے اترتے ہوئے پائوں پھسلنے سے ادھیڑ عمر شخص وقار حسین ولد دوست محمد سکنہ بسم اﷲ پور 248 رب بس تلے آ کر کچلا گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ سرگودھا روڈ پر موٹروے کے قریب زیرتعمیر پلازہ کی لفٹ مشین سے کرنٹ لگنے سے 29سالہ سہیل اختر ولد اختر علی سکنہ بشیر ٹائون کوکیانوالہ زندگی کی بازی ہار گیا۔ علاوہ ازیں کینال روڈ پر کشمیر پل کے قریب 12سالہ لڑکے کی نعش برآمد ہوئی جسکی شناخت زین علی ولد اسلم محلہ یوسف آباد بھائی والا کے نام سے ہوئی اور سوساں روڈ پر رحمان شہید روڈ پر مکان کی چھت کا پردہ دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر 50 سالہ بوٹا ولد اشرف اسکی اہلیہ 45 سالہ بشریٰ بی بی زوجہ بوٹا اور 19 سالہ بیٹا احمد ولد بوٹا بری طرح زخمی ہو گئے۔ واقعات کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نے نعشوں کو تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا۔
