کیا فواد چوہدری بچوں سے زیادتی کرنے کے حق میں ہیں؟وفاقی وزیر نے اپنی ہی پارٹی کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کو رد کر دیا
اسلام آباد(ایمرا نیوز آن لائن)
وفاقی وزیر فوادچودھری نے وزیرمملکت علی محمد خان کی جانب سے پیش کی گئی اس قرارداد کی شدید مذمت کی ہے جس میں بچوں سے زیادتی کے مجرم کو سرعام پھانسی کی تجویز دی گئی تھی ۔ علی محمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان بھی بچوں سے زیادتی کے مجرموں کو سزائے موت دینے کے حق میں ہیں۔
فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر دیئے گئے بیان میں کہا کہ ’سرعام پھانسی سے متعلق پیش کی گئی قرارداد کی سختی سے مذمت کرتا ہوں ،اس طرح کے قوانین تشدد پسند کرنے والے معاشروں میں بنتے ہیں، معاشرے کو متوازن رہنا چاہئے،بربریت سے آپ جرائم کے خلاف نہیں لڑ سکتے۔یہ انتہاپسندانہ سوچ کاعکاس ہے۔’
واضح رہے کہ آج قومی اسمبلی میں بچوں سے زیادتی کے مجرموں کو پھانسی دینے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی ہے۔قومی اسمبلی میں وزیر مملکت علی محمد خان کی جانب سے بچوں سے زیادتی کے حوالے سے قرارداد پیش کی گئی جس میں مطالبہ کیاگیاکہ بچوں سے زیادتی کے مجرموں کو پھانسی دی جائے۔
قومی اسمبلی نے علی محمد خان کی قرارداد کو کثرت رائے سے منظور کرلیا جبکہ اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی نے قرارداد کی مخالفت کی ہے۔قرارداد کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی میں اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہاآج اس قرارداد کو پیش کرنے میں اللہ تعالیٰ نے مدد کی ہے،اللہ تعالیٰ چاہتا کہ ہے کہ ہم اس ملک کو قرآن اور سنت کے مطابق چلائیں۔
علی محمد خان نے کہازینب الرٹ بل پیش ہوا تو قومی اسمبلی کی انسانی حقوق کی کمیٹی نے سزائے موت کی مخالفت کی، اس کمیٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو ہیں ۔حکومت اب بھی بچوں سے زیادتی کے مجرموں کو سزائے موت کا قانون بنانا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بھی بچوں سے زیادتی کے مجرموں کی سزائے موت چاہتے ہیں۔