صفحہ اول / لاھور نامہ / نواز شریف کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت ، الیکشن کمیشن، سپیکر قومی اسمبلی کو نوٹس جاری

نواز شریف کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت ، الیکشن کمیشن، سپیکر قومی اسمبلی کو نوٹس جاری

لاہور( ایم نائن ٹو)لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے نواز شریف کی قومی اسمبلی کی رکنیت کو ختم کرنے کے نوٹیفکیشن کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت ، الیکشن کمیشن، سپیکر قومی اسمبلی اور نواز شریف کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں. تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے نواز شریف کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کے نوٹیفکیشن کیخلاف مقامی شہری غلام یاسین بھٹی کی درخواست پر سماعت کی جس میں نوازشریف کی قومی اسمبلی کی رکنیت کو ختم کرنے کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا گیا ہے اور  درخواست میں  وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن، سپیکر قومی اسمبلی اور نواز شریف کو فریق بنایا گیا ہے.درخواست گزار نے نشاندہی کی کہ  الیکشن کمیشن نے 28 جولائی کو  نواز شریف کی   قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کا  نوٹیفکیشن جاری کیا  ، درخواست گزار کے وکیل کے مطابق  آئین کے آرٹیکل 95 اے کے تحت  وزیر اعظم کو صرف عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے ہی ان کے عہدے سے  ہٹایا جا سکتا ہے، نواز شریف کو تحریک عدم اعتماد کے بغیر ہی وزیر اعظم کے منصب سے ہٹانا  آئین کے آرٹیکل 95 اے کی نفی ہے. درخواست میں استدعا کی گئی کہ نواز شریف کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن غیر قانونی ہے اس لیے اس نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے.عدالت نے درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے وفاقی حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کر دئیے۔

یہ بھی پڑھیں

سید پور بجلی گھر کے دو ملازمین قتل، پولیس نے مشتبہ نوجوان حراست میں لے لیا

سید پور کے قریب نامعلوم ملزم نے بجلی گھر میں گھس کر دو افراد کو …