صفحہ اول / مختلف / پنجاب کے کئی شہرں میں دھند سے حد نگاہ سمٹ گئی
پنجاب کے کئی شہرں میں دھند سے حد نگاہ سمٹ گئی

پنجاب کے کئی شہرں میں دھند سے حد نگاہ سمٹ گئی

لاہور (میڈیا 92/رپورٹ رضا ملک سے)
پنجاب کے میدانی علاقے آج بھی گہری دھند کی لپیٹ میں ہیں، شکر گڑھ، ملتان، بستی ملوک، لودھراں اور بہاولپور بائی پاس پر شدید دھند ہے۔ نارووال روڈ پر میرپور سے ککے موڑ تک بھی شدید دھند ہے جس سے حد نگاہ انتہائی کم ہوئی ہے البتہ ملحقہ علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ بھی ہوا ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق قومی شاہراہوں پرمختلف مقامات پرشدیددھند کے باعث حد نگاہ 50میٹر رہ گئی ہے،جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

موٹروے پولیس کے ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر ناگزیر ہو تو دھند والے علاقوں سے گزرتے وقت گاڑیوں میں فوگ لائٹس استعمال کریں۔ ترجمان موٹروے پولیس نے یہ بھی کہا ہے کہ شہری دوران سفر موٹر وے کی ہیلپ لائن130 یا ایپ ہم سفر سے معلومات اور مدد لے سکتے ہیں۔ ادھر دیر بالا کے مختلف دیہات کی رابطہ سڑکوں سے اب تک برف نہیں ہٹائی جا سکی ہے، مقامی آبادی کو سڑکوں اور راستوں پر جمع ہو جانے والی برف سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار ہے، شمالی علاقوں میں شدید سردی کی لہر میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہا، تاہم مکران، قلات، سکھر ڈویژن میں کہیں کہیں جبکہ کوئٹہ، حیدر آباد اور کراچی ڈویژن میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے سرد مقام اسکردو رہا جہاں درجۂ حرارت منفی 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کالام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 15، استور میں منفی 13، بگروٹ میں منفی 12، گوپس میں منفی 10، ہنزہ میں منفی 9، مالم جبہ میں منفی 8 اور دروش میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد میں کم سے کم درجۂ حرارت نقطۂ انجماد تک پہنچ گیا، کراچی میں 13، لاہور میں 4، پشاور میں 2، مظفر آباد میں صفر، فیصل آباد میں 6، ملتان میں 3 اورحیدر آباد میں کم سے کم درجۂ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا۔ ادھر وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے۔

وادی کوئٹہ اور ملحقہ علاقوں میں درجہ حرارت منفی3 اعشاریہ5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شدید سردی کے باعث سڑکوں کے اطراف میں کھڑا پانی جم گیا، صوبے کے شمالی علاقوں میں بھی موسم شدید سرد اور خشک ہے، قلات میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی4 اعشاریہ5، ژوب میں صفر، سبی میں3، خضدار میں 4، نوکنڈی میں 6، پنجگور میں7، لسبیلہ میں11، تربت، گوادر اور پسنی میں 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کےمطابق کل (منگل) سے بارش برسانے والا نیا سسٹم صوبے میں داخل ہو گا، اس سے منگل سے جمعے تک صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ اس دوران پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں

سندھ: پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی،اشیائے ضروریہ کی دکانیں‌7 بجے بند کرنے کا حکم

سندھ حکومت نے کورونا ایس او پیز سے متعلق پابندیوں کا نیاحکم نامہ جاری کردیا۔ …