برطانوی اور اٹلی کوہ پیماﺅں کی تلاش کیلئے نانگا پربت کے دامن میں پولیس کی ہائی آلٹیچوڈ فورس کو حفاظتی انتظامات کے لیے تعینات کر دیا گیا ہے، ترجمان گلگت بلتستان حکومت
پاک بھارت سرحدی کشیدگی کی وجہ سے فضائی سروس معطل ہے جس کے باعث نانگاپربت میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو آپریشن شروع نہیں ہو سکا، مقامی پولیس افسر
گلگت (ایمرا نیوز آن لائن)گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے بتایا ہے کہ کہ نانگا پربت سر کرنے کے دوران لاپتہ ہونے والے برطانوی اور اٹلی کے کوہ پیماں کی تلاش کے لیے زمینی سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں 8 رکنی ٹیم خدمات انجام دے رہی ہے اور وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ نے فضائی اور زمینی ریسکیو آپریشن کرنے کی ہدایات دی ہیں۔فیض اللہ فراق کے مطابق نانگا پربت کے دامن میں پولیس کی ہائی آلٹیچوڈ فورس کو حفاظتی انتظامات کے لیے تعینات کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ایک مقامی پولیس افسر کا کہنا تھا کہ پاک بھارت سرحدی کشیدگی کی وجہ سے فضائی سروس معطل ہے جس کے باعث نانگاپربت میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو آپریشن شروع نہیں ہو سکا،انہوں نے مزید بتایا کہ نانگا پربت سر کرنے جانے والے کوہ پیماں سے گزشتہ 4 دنوں سے کوئی رابطہ نہی ہوسکا۔ اٹلی سے تعلق رکھنے والے ڈینیئل نردی اور برطانیہ کے ٹام بلارڈ نامی دونوں کوہ پیما نئے راستے سے نانگا پربت سر کرنے روانہ ہوئے تھے۔تاہم کیمپ نمبر 4 سے دونوں غیر ملکی کوہ پیما 24 فروری سے لاپتہ ہیں، جن کے بارے میں خدشہ ہے کہ مرچکے ہیں۔واضح رہے کہ ڈینیئل نردی اور ٹام بلارڈ نے جنوری میں پاکستانی کوہ پیماں رحمتہ اللہ بیگ اور کریم حیات کے ہمراہ نانگا پربت پر چڑھائی شروع کی تھی لیکن 29 جنوری کو برف کے طوفان میں کیمپ 2 کے خیمے دفن ہونے کی وجہ سے پاکستانی کوہ پیماں نے چڑھائی ترک کردی تھی۔حکام کے مطابق دونوں غیر ملکی کوہ پیما 6300 میٹرز کی بلندی پر واقع کیمپ 4 میں پہنچنے کے بعد سے لاپتہ ہیں۔
