صفحہ اول / مختلف / شاہ محمود کی شیخ صباح سے ملاقات: کویت نے پاکستانیوں کیخلاف ویزا پابندیوں پرنظرثانی کی یقین دہانی کرادی

شاہ محمود کی شیخ صباح سے ملاقات: کویت نے پاکستانیوں کیخلاف ویزا پابندیوں پرنظرثانی کی یقین دہانی کرادی

کویت سٹی(نیٹ نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حکومت پاکستان کی جانب سے اقتصادی سفارتکاری کا آغاز کرتے ہوئے کویت کے تاجروں کو ملک میں سرمایہ کاری کی دعوت دیدی اور امیر کویت شیخ صباح لااحمد الجابر الصباح کو ویزا پابندیوں کے حوالے سے پاکستانی کمیونٹی کے تحفظات سے آگاہ کیا ۔ دو روزہ دورے پر کویت میں موجودوزیر خارجہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز امیر کویت شیخ صباح لااحمد الجابر الصباح سے ملاقات کی، وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان کویت کیساتھ دو

طرفہ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ایک لاکھ سے زیادہ ورک فورس کویت کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے ۔وزیر خارجہ نے امیر کویت کو ویزا پابندیوں کے حوالے سے کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی مشکلات سے آگاہ کیا ۔وزیر خارجہ نے صدر اور وزیراعظم کی طرف سے خصوصی خطوط بھی امیر کویت کی خدمتِ میں پیش کئے اور پاکستانی کمیونٹی کو درپیش ویزا سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے خصوصی توجہ کی درخواست کی۔امیر کویت

نے پاکستانی قیادت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ذاتی کاوشوں کا یقین دلایا۔شاہ محمود قریشی نے کویت میں اپنے ہم منصب صباح الخالد الصباح سے بھی افطار عشائیے پر ملاقات کی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خلیج میں قیام پذیر لاکھوں پاکستانی کویتی مارکیٹ تک رسائی چاہتے ہیں لیکن ویزا پابندیاں راستے میں حائل ہیں ۔پاکستان نے بہت سے ایسے حفاظتی اقدامات کیے ہیں جن سے سفری کاغذات کے غیر قانونی استعمال کی روک تھام

کی گئی،اس تناظر میں کویت ویزا پابندیوں کا از سر نو جائزہ لے ۔ کویتی وزیر خارجہ نے بھی وزیر خارجہ کو یقین دلایا کہ وہ ویزوں کی بندش کو از سر نو دیکھیں گے اور پاکستان کیساتھ ہر ممکن تعاون کرینگے ۔کویت کے نامور تاجروں کے وفد نے بھی شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں وزیر خارجہ نے انہیں بتایا کہ انکی حکومت نے اقتصادی سفارتکاری کا آغاز کیا ہے اور تمام سفارتخانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کاروبار سے متعلق مواقع کے حوالے سے آگاہ کریں۔ کویتی تاجروں نے وزیر خارجہ سے پاکستان میں مستقبل میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں

سندھ: پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی،اشیائے ضروریہ کی دکانیں‌7 بجے بند کرنے کا حکم

سندھ حکومت نے کورونا ایس او پیز سے متعلق پابندیوں کا نیاحکم نامہ جاری کردیا۔ …