بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی طرف سے اووربلنگ کا اعتراف
اسلام آباد (ویب ڈیسک) بجلی کی تقسیم کرنے والی کمپنیوں نے عوام پراوور بلنگ کا اعتراف کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق نیپرا میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی اوور بلنگ اور صارفین کی شکایات پر عوامی سماعت کی گئی۔ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کے سی ای او نے عاتراف کیا کہ مئی میں صارفین کو زائد بل بھیجے گئے ،انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مئی میں 31 کی بجائے 37 روز کے بل بھیجے گئے، اگلے ماہ بجلی کے بل 26 دن کے بھیجے گئے، عید الفطر اور دوسری چھٹیوں کی وجہ سے اوور بلنگ کی گئی، کووڈ کی وجہ سے 8 سے 16 مئی کے دوران ریڈنگ پر اثر پڑا، 20 بیجز میں سے 8 بیجز کے صارفین اوور بلنگ سے متاثر ہوئے۔اس موقع پرچئیرمین نیپرا نے کہا کہ آپ نے 52 لاکھ صارفین میں سے بیشتر کے ساتھ زیادتی کی.سی ای او لیسکو کا کہنا تھا کہ گزیٹڈ چھٹیاں نکال کے ہمیں بڑی مشکل سے بیس دن ملتے ہیں اور جولائی میں عاشورہ اور گزیٹڈ چھٹیوں کے باعث اثر آیا۔
چئیرمین نیپرا نےبرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ اوور بلنگ نہیں ہوئی ، ایک ماہ میں 33 دن کے بل اور اگلے ماہ 37 دن تو اووربلنگ اور کیا ہوتی ہے ؟، جو نقصان کسی کا ہو گیا اس کا ازالہ کیسے کرنا ہے؟، چھٹیوں کی وجہ سے اگر صارفین کا نقصان ہوا ہے تو ان کا فائدہ بھی ضروری ہے۔
پی آئی ٹی سی کے سی ای او نے مزید بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سارا معاملہ چھٹیوں کی وجہ سے ہوا، پانچ چھٹیوں کی وجہ سے ان ڈسکوز نے بل ایڈجسٹ کئے، ڈسکوز کی جانب سے معاملے کو مس مینیج کیا گیا، اوور بلنگ کا ایک ہی حل ہے کہ بلنگ دوبارہ کی جائے۔سماعت کے دوران بجلی صارفین نے رحیم یار خان میں 52 دنوں کا بجلی بل بھیجنے کا انکشاف بھی کیا۔