بھارتی وزیراعظم، ریاستی وزیراعلیٰ سمیت دیگر رہنماﺅں کی موجودگی میں خاتون وزیر کو نامناسب انداز میں چھونے کے واقعہ پر ہنگامہ کھڑا ہوگیا
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تریپورہ میں حزب اختلاف کی جماعتوں اور خواتین کا وزیر کے نامناسب رویے پر مظاہرہ ، وزارت سے ہٹانے کا مطالبہ
نئی دہلی(ایمرا نیوز آن لائن) بھارت میں وزیر اعظم نریندر مودی سمیت ریاستی وزیر اعلیٰ اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی موجودگی میں ایک وزیر کی جانب سے ساتھی خاتون وزیر کو نامناسب انداز میں چھونے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ بھارت کی مشرقی ریاست تریپورہ کے دارالحکومت اگرتلا میں ہونے والی ایک اعلیٰ سرکاری تقریب میں ریاستی وزیر کی جانب سے ساتھی خاتون وزیر کو سب کے سامنے اسٹیج پر نامناسب انداز میں چھونے کا واقعہ پیش آیاہے۔ واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد اگرچہ متاثرہ خاتون وزیر نے تاحال کوئی بیان نہیں دیا، تاہم ان کے ساتھ ہونے والے اس واقعے پر دیگر افراد نے آواز اٹھانا شروع کردیا ہے اور مرد وزیر کو ہٹانا کا مطالبہ بھی کیا ہے۔بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست تریپورہ کے دارالحکومت اگرتلا میں ہونے والی ایک تقریب میں ریاست کے نوجوانوں اور کھیل کے وزیر منوج کانتی ڈیب نے اپنی ہی حکومت کی فلاح و بہبود اور تعلیم کی وزیر سنتا چکما کو نامناسب انداز میں چھوا۔خبر رساں ادارے کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں وزیر کو خاتون وزیر کی کمر پر انتہائی نامناسب انداز میں ہاتھ رکھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔مختصر دورانیے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مرد وزیر کی جانب سے اسٹیج پر سب کے سامنے نامناسب انداز میں جسم پر ہاتھ رکھنے پر خاتون وزیر ناپسندیدگی کا اظہار کرتی ہیں اور مرد وزیر کا ہاتھ ہٹا دیتی ہیں۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تریپورہ میں حزب اختلاف کی جماعتوں اور خواتین نے وزیر کے نامناسب رویے پر مظاہرہ بھی کیا اور انہیں وزارت سے ہٹانےکا مطالبہ بھی کیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اب تک اس واقعے کے خلاف خود متاثرہ خاتون وزیر نے کوئی بیان نہیں دیا اور ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرنے والے مرد وزیر نے بھی میڈیا سے بات کرنے سے انکار کردیا ہے۔دونوں وزیروں کا تعلق حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) سے ہے اور دونوں ریاستی کابینا کا حصہ بھی ہیں۔