داعش سے چھٹکارے کیلئے طالبان واحد اور بہترین آپشن قرار
اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ داعش سے چھٹکارا پانے کیلئے طالبان واحد اور بہترین آپشن ہیں۔انہوں نے ایک غیر ملکی جریدے کو انٹرویو دیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن اور استحکام خطے کے لیے ناگزیر ہے، افغانستان تمام ہمسایہ ممالک کے لیے اہم ترین تجارتی گزرگاہ ہے، وسط ایشیائی ممالک افغانستان کےراستے پاکستان تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں، پاکستان افغانستان کا ہمسایہ ملک ہے، وہاں کے حالات ہم پر اثرانداز ہوتے ہیں، ہم کسی کا ساتھ نہیں دے رہے ، ہم امن کی بات کرتے ہیں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں افغانوں کو مختلف قسم کے مسائل کا سامناہے، امریکی فوج کے انخلا کے بعد افغانستان میں انسانی بحران کا خدشہ پیدا ہوا، افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت آچکی ہے، جواس صورتحال سے نمٹنے کی کوشش کررہی ہے، صورت حال پر قابو پانے کے لیے طالبان کو موثر اقدامات اٹھانا ہوں گے، افغانستان میں مضبوط طالبان حکومت دہشت گرد تنظیموں سے نمٹ سکتی ہے.