شاہ رخ خان کی ایک بار پھر شامت آ گئی
ممبئی (ویب ڈیسک) شاہ رخ خان کو بالی ووڈ کنگ کا خطاب دیا گیا ہے.اب تک ان کی بے شمار فلمیں آ چکی ہیں اور دنیا میں ان کی مقبولیت کا ڈنکا بجتا ہے مگر مسلمان ہونے اور ہندوستان میں رہنے کی وجہ سے انہیں بہت سی مشکلات کا سامنا بھی رہتا ہے.بالخصوص انتہا پسند ہندئوں کی جانب سے وہ اکثر وبیشتر مشکلات میں گھرے رہتے ہیں .اسی حوالے سے شاہ رخ ایک بار پھر انتہا پسندوں کے نشانے پر ہیں .تفصیلات کے مطابق ٹوئٹر انڈیا پر آج صبح سے ہی شاہ رخ خان کے خلاف ’’بائیکاٹ شاہ رخ خان‘‘ کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کررہا ہے۔
یہ مہم بھارتی ریاست ہریانہ کے بھارتی جنتا پارٹی کے اسٹیٹ انچارج آف انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ ارون یادو نے شاہ رخ خان اور ان کی فلموں کے خلاف شروع کی ہے جس میں انہوں نے لکھا میں شاہ رخ خان کی فلموں کا بائیکاٹ کرتا ہوں۔
ٹوئٹر پر اس مہم کا زور تب بڑھا جب شاہ رخ خان کی ایک پرانی ویڈیودکھائی گئی جس میں انہوں نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی تعریف کرتے ہوئےانہیں دنیا کے بہترین کھلاڑی اور چیمپئنز کہہ دیا تھا۔اس کے بعد کئی اور لوگوں نے بھی شاہ رخ خان کے خلاف ٹوئٹس کرنی شروع کردیں۔اس کے علاوہ ٹوئٹر پر ایک پرانی تصویر بھی وائرل ہورہی ہے جس میں شاہ رخ خان وزیراعظم پاکستان عمران خان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
تاہم اس ہیش ٹیگ کے تقریباً ایک گھنٹے بعد ’’وی لو شاہ رخ خان‘‘ کا ہیش ٹیگ بھی ٹرینڈ کرنے لگا۔ جس میں شاہ رخ خان کے مداحوں نے ان کی اچھی باتیں شیئر کیں اور لکھا کہ شاہ رخ ایک اچھے اداکار ہی نہیں بلکہ اچھے انسان بھی ہیں۔