وزیراعظم عمران خان عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت کیلئے ڈیووس روانہ
وزیراعظم عمران خان عالمی اقتصادی فورم (ورلڈ اکنامک فورم) کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس روانہ ہوگئے۔
ریڈیو پاکستان نے رپورٹ کیا کہ وزیراعظم کے ہمراہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی برائے بیرون ملک مقیم پاکستانی ذوالفقارعباس بخاری اور معاون خصوصی برائے قومی سیکیورٹی ڈویژن معید یوسف ہیں۔
اس کے علاوہ مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے سفیر علی جہانگیر صدیقی ڈیووس میں وزیراعظم کے ساتھ شریک ہوں گے۔
مذکورہ دورے کے 2 اہم نکات ہیں، جس میں وزیراعظم عمران خان کا عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی سیشن سے اہم خطاب اور سی ای اوز اور کارپوریٹ لیڈرز کے ساتھ پاکستان اسٹریٹجی ڈائیلاگ پر بات چیت کرنا ہے۔
اجلاس کی سائڈ لائن پر وزیراعظم عمران خان، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ساتھ مختلف عالمی رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
اس کے علاوہ کارپوریٹ، بزنس، ٹیکنالوجی اور فنانس ایگزیکٹو اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے نمائندوں کے ساتھ مختلف ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان فورم کے بین الاقوامی میڈیا کونسل کے سیشن کے دوران عالمی میڈیا کی سینئر شخصیات اور ایڈیٹرز سے بھی خطاب کریں گے۔