گزشتہ 14 برس سے لاعلاج بیماری میں مبتلا ہوں ، آغا علی
کراچی:پاکستانی معروف اداکار آغا علی نے 14 برسوں سے لا علاج بیماری میں مبتلا ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ اپنے ایک انٹرویو کے دوران اپنی بیماری سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ 14 برسوں سے چنبل نامی جِلدی بیماری کا شکار ہیں اور اْنہیں یہ بیماری کیریئر کے آغاز میں لگی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس بیماری نے اْن پر طاقتور حملہ کیا، تھا، آغاز ہی میں اْن کے جسم پر سیکڑوں کی تعداد میں زخم بن گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چنبل کو ادویات کے ذریعے کنٹرول کیا جاسکتا ہے لیکن دنیا میں ابھی تک اس کا مکمل طور پر علاج سامنے نہیں آیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چنبل سے ہاتھ، پیروں اور منہ پر سرخ دھبے پڑ جاتے ہیں اور یہ دھبے کبھی کبھار تعداد میں بہت زیادہ ہوجاتے ہیں اور کبھی اِں کی شدت میں کمی آ جاتی ہے۔آغا علی کا اپنی بیماری چنبل کے وقتی علاج سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس میں مبتلا افراد کو چاہیے کہ وہ ذہنی تناؤ سے دور رہیں، جِلد کو صاف ستھرا رکھنے کی کوشش کریں اور پانی زیادہ سے زیادہ پیئیں، نیند پوری کریں، ورزش کریں اور پریشان نہ ہوں۔