وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس
اسلام آباد(میڈیا پاکستان) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں قومی سلامتی کے معاملات سمیت خطے کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس تقریباً 4 گھنٹے جاری رہا جس میں وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیرمین جوائنٹ چیفس، ڈی جی آئی ایس آئی شریک ہوئے جب کہ وزیر دفاع خرم دستگیر اور وزیر داخلہ احسن اقبال بیرون ملک ہونے کے باعث اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔
اجلاس میں وزیر خارجہ خواجہ آصف نے دورہ امریکا، چین اور ایران پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ خطے کے ممالک پر واضح کیا ہے کہ افغان مسئلے کا واحد حل مذاکرات ہیں اور افغانستان میں امن، مفاہمتی عمل کے لیے پاکستان کے کردار پر بھی بات ہوئی جب کہ ایران بھی افغان امن کی مذاکراتی حکمت عملی کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے بھی دورہ امریکا کے دوران اہم ملاقاتوں سے متعلق کمیٹی کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ساتھ برابری اور باہمی شراکت داری پر مبنی تعلقات کے حامی ہیں۔ شرکا نے افغان مصالحتی عمل اوراعلیٰ امریکی حکام کے مجوزہ دورہ پاکستان پر غور سمیت پاک افغان اور پاک بھارت سرحدی سیکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ قومی سلامتی کمیٹی میں نئی امریکی پالیسی اور پاکستان کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔