امریکا، پاک بھارت مذاکرات کیلئے کرداراداکرے، وزیرخارجہ کا مطالبہ
اسلام آباد(ایمرا نیوز آن لائن)
وزیرخارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی اور امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیوکے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات اورخطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور امریکا کے وزراء خارجہ کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہواہے۔دونوں کے درمیان گفتگو میں افغان امن عمل پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی وزیرخارجہ کونیشنل ایکشن پلان کے تحت کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔شاہ محمود قریشی نے پاک بھارت کشیدگی میں پائلٹ کی واپسی سے بھی آگاہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے جنوبی ایشیاء میں امن کیلئے کشیدگی کا خاتمہ ضروری قرار دیا ہے۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے امریکا کا کرادرقابل ستائش ہے۔
خطے میں امن کے فروغ کیلئے پاک امریکا تعلقات قابل تعریف ہیں۔شاہ محمود قریشی نے مطالبہ کیا کہ امریکا ، پاک بھارت مذاکرات کیلئے کرداراداکرے۔واضح رہے پاک بھارت کشیدگی کے بعد ہندوستان کا جارحانہ اور جنگی جنونی رویہ تاحال برقرار ہے۔ آئے روز بھارتی سیاسی اور عسکری ْٰ ْٰقیادت پاکستان کو دھمکیاں دے رہی ہے۔ جبکہ بھارت کواس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کوپتا ہے کہ پاکستان نے کس طرح بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا تھا، پھر پائلٹ گرفتار کرکے جذبہ خیرسگالی کا مظاہرہ کیا اور پائلٹ واپس کردیا۔ بھارت کو یہ بھی معلوم ہے کہ پاکستان کے پاس دفاعی سازوسامان جدید ہتھیاروں سے لیس ہے۔ جبکہ پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے۔ پاک فوج نے دہشتگردی کیخلاف کامیاب جنگ لڑ کردنیا کو امن فراہم کیا ہے۔
ابھی بھی پاکستان خطے میں امن کیلئے عالمی دنیا کے ساتھ کھڑا ہے۔لیکن اس کے باوجود بھارت کبھی ایل اوسی اور ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ کرکے خطے کو بدامنی سے دوچار کرنا چاہتاہے ، کبھی پاکستان میں دہشتگردوں کو پروموٹ کے پاکستان کو غیرمستحکم کرنا چاہتا ہے۔اس کے برعکس پاکستان امن کی کوشش کررہا ہے۔ پاکستان کی سیاسی قیادت اس بات کا اظہار کرچکی ہے کہ جب تک انڈیا میں الیکشن کا ماحول ہے پاکستانی سکیورٹی فورسز کو ہروقت چوکنا رہنا ہوگا۔کیونکہ بھارت اس عرصے کے دوران کوئی بھی حماقت کرسکتا ہے۔