سال نو پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے، عثمان بزدار کا حکم
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سال نو پر ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی کرنے والے افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے،
سال نو پر امن عامہ کی فضاء یقینی بنانے کیلئے عثمان بزدار نے انسپکٹر جنرل پولیس کو ضروری ہدایات کر دیں،عثمان بزدارکا کہنا ہےکہ سال نو پر ہلڑ بازی کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے، آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز اس ضمن میں جامع حکمت عملی وضع کریں،وزیراعلیٰ نے ون ویِلنگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم بھی دے دیا اور کہا ون ویِلنگ کسی صورت برداشت نہیں کروں گا، جس ضلع سے ون ویِلنگ کی شکایت سامنے آئی متعلقہ پولیس افسر کے خلاف کارروائی ہو گی، ون ویِلنگ روکنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں، ون ویِلنگ کرنے والوں کو قانون کے تحت سزا ملے گی، کم عمر افراد کے خلاف گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے پر کارروائی عمل میں لائی جائے۔