گناہ کہیں بھی کریں ،اللہ دیکھ رہا ہے ، مولانا عمران عطاری
کراچی دعوت اسلامی کی مرکزی شوری کے نگران مولانا محمد عمران عطاری نے کہا ہے کہ حرام سے بچنا تقوی ہے،ماہ رمضان آتا ہے تاکہ ہمیں تقوی نصیب ہو،ہم گناہوں سے بچیں،گناہ سے بچنے کا ثواب ہے،جو گناہ کرنے کی طاقت رکھنے کے باوجود صرف اللہ کے خوف سے اس کو چھوڑ دے تو اللہ آخرت سے پہلے دنیا میں جلد اس کا ایسا بدل عطا فرماتا ہے جو اس حرام کام سے بہتر ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں بیان کرتے ہوئے کیا۔ نگران شوری نے کہا کہ لذت کیلئے گناہ نہ کریں کیونکہ لذت ختم ہوجائے گی اورگناہ باقی رہ جائے گا ، جبکہ تکلیف کی خاطر نیکی نہ چھوڑیں کیونکہ تکلیف ختم ہوجائے گی اور نیکی باقی رہے گی،یاد رکھیں قیامت کے دن سخت گرمی ہوگی،سورج سوا میل پر رہ کر آگ برسارہا ہوگا اور ایسے میں خوش نصیب ہوگا وہ شخص جسے اللہ پاک قیامت کے دن اپنے عرش کے سائے میں جگہ عطا فرمائے گا۔ مولانا عمران عطاری نے کہا کہ جس نے اللہ کے خوف اور اس کی رضا کیلئے گناہ چھوڑ دیا اللہ اسے راضی فرمائے گا،افسوس لوگوں کو گناہ کرنے کے موقع کی تلاش ہوتی ہے،لوگ چھپ کر گنا ہ کرتے ہیں،چاہے وہ کانوں کے ذریعے ہو،آنکھوں کے ذریعہ ہو یا زبان کے ذریعے ہو، چاہے کسی کا دل دکھا کر ہو،چھپ کر گناہ کرنے والے یہ سمجھتے ہیں کہ کوئی نہیں دیکھ رہا،لیکن وہ یہ بھول گیا کہ ہمارا رب دیکھ رہا ہے،سزا دینے ولا دیکھ رہا ہے،گناہ پر گرفت فرمانے والا دیکھ رہا ہے،عزت وذلت جس کے دست قدرت میں ہے وہ دیکھ رہا ہے،زندگی اور موت کا جو مالک ہے وہ دیکھ رہا ہے،جس نے منع کیا ہے وہ دیکھ رہا ہے،اگر وہ پکڑے تو کوئی چھڑا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ پاک ہمیں ہر گناہ سے بچائے چاہے وہ لوگوں کے ساتھ ہو ں یا چھپ کر،ہمیں گناہوں کی معلومات کیلئے علم حاصل کرنا چاہئے تاکہ معلوم ہوکہ کون کون سے کام گناہ ہیں اور ان گناہوں کی ہلاکت خیزی کا علم ہونا چاہئے تاکہ ہمیں معلوم ہو کہ گناہوں کا انجام کیا ہوتا ہے