بلاول اور مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل اور جے آئی ٹی سے نکال دیا جائے گا لیکن دونوں کو تفتیش میں کوئی استثنا نہیں ملے گا، فواد چوہدری
اسلام آباد(نیٹ نیوز/ایمرا نیوز) وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل اور جے آئی ٹی سے نکال دیا جائے گا لیکن دونوں کو تفتیش میں کوئی استثنا نہیں ملے گا۔وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ جے آئی ٹی نیب کی معاونت کرے گی۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ای سی ایل میں نام عہدوں پر نہیں کردار کی بنیاد پر ڈالے جاتے ہیں، وہ مراد علی شاہ کے استعفے سے متعلق اپنے مطالبے پر قائم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹھگز آف پاکستان میں ان کا اہم کردار ہے، اومنی گروپ کے مالک و مختار آصف علی زرداری ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ وعدہ کیا تھا کہ بڑے چور جیل میں ملیں گے، اس ٹاسک میں 90 فیصد کامیابی ملی ہے، باقی 10 فیصد بھی جلد ملے گی۔شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ میں جتنے بھی الزامات لگائے ہیں اور جن پر لگائے ہیں اُن سب کا جواب دینا ہو گا، اب نیب ایکٹ کے تحت براہ راست تفتیش شروع ہوگئی ہے،جے آئی ٹی نیب کی معاونت کرے گی۔