اقوام متحدہ بھارتی دھمکیوں اور جارحانہ بیانات کا نوٹس لے، ملیحہ لودھی
بھارت نے اگر جنگ مسلط کی تو ہم جوابی اقدام کے لئے تیار ہیں،سیکریٹری جنرل خطے میں مشکل سمجھتے ہیں توحل بھی انہی کو نکالنا ہے،عالمی ادارہ خطے میں کشیدگی کم کرانے میں کردار ادا کرے،مستقل مندوب کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات
نیویارک(ایمرا نیوز آن لائن) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹرملیحہ لودھی نے خطے میں بڑھتی کشیدگی پر کہا ہے کہ عالمی ادارہ بھارتی دھمکیوں کا نوٹس لیتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرانے میں کردار ادا کرے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات کی اورسیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس کوخطے کی بگڑتی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارہ خطے میں کشیدگی کم کرانے میں کردار ادا کرے۔ڈاکٹرملیحہ لودھی نے کہا اقوام متحدہ بھارتی دھمکیوں اور جارحانہ بیانات کا نوٹس لے، سیکریٹری جنرل خطے میں مشکل سمجھتے ہیں توحل بھی انہی کو نکالنا ہے۔ ملیحہ لودھی نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں مسلمانوں پربھارتی مظالم کانوٹس لیا جائے۔ملیحہ لودھی نے کہا مسئلہ کشمیر پر سکیورٹی کونسل کی قراردادیں موجود ہیں، پاک بھارت کشیدگی کم کرانے کیلئے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کو آگے آنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ جنرل اسمبلی کے سیکرٹری جنرل اور صدر سے خطے کی صورتحال کے پیش نظر کردار ادا کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری غاصبانہ کارروائیوں کی جانب بھی دلائی۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں اس حقیقت کا ذکر کیا گیا ہے کہ پلوامہ واقعہ بھارتی قابض فوج کی کشمیر میں قائم کردہ شدت کی فضا کا نتیجہ ہے، اس واقعے کو پاکستان سے جوڑ کر بھارت خطے کو جنگ میں دھکیل رہا ہے جو افغان امن عمل پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے، پاکستان نہیں چاہتا کہ خطے میں صورت حال کشیدہ ہو تاہم بھارت نے اگر جنگ مسلط کی تو ہم جوابی اقدام کے لئے تیار ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں خودکش حملے میں 46 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ بھارت نے اس حملے کا الزام پاکستان پر لگایا ہے تاہم پاکستان نے اس الزام کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کی کسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دے گا۔