خیبر پختونخوا کے تمام تعلیمی بورڈز کے امتحانی نتائج کا اعلان ایک ہی دن کروایا جائے گا۔ نگراں مشیر تعلیم رحمت سلام خٹک
پشاور:خیبر پختونخوا کے تمام بورڈز کا آنے والے امتحانات کے حوالے سے جائزہ اجلاس جمعرات کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں نگراںوزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم رحمت سلام خٹک کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کے سربراہان کے ساتھ ساتھ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے آفسران نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں آنے والے میٹرک اور انٹر کے امتحانات کے حوالے سے تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ تمام تعلیمی بورڈز کے سربراہان نے اپنے اپنے متعلقہ اداروںکے امتحانات کے انعقاد کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں مشیر تعلیم رحمت سلام خٹک نے ہدایت کی کہ حالیہ آنے والے امتحانات میں نقل کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ اس ناسور پر زیادہ سے زیادہ کنٹرول حاصل کروایا جائے اور قابل اور ہونہار طلبہ کی محنت ضائع نہ ہو اور انہیں اپنی محنت کا مکمل صلہ مل سکے۔رحمت سلام خٹک نے کہا کہ بورڈز کو درپیش مسائل خصوصاً دوردراز اور پرخطر امتحانی مراکز کی سیکورٹی کیلئے متعلقہ اضلاع کے کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے رجوع کیا جائے گا تاکہ وہ امتحانی مراکز کے اندر اور آس پاس سیکورٹی کو مکمل طور پر یقینی بنائیں اور ہر طرح کے ناخوشگوار واقعات سے بچا جاسکے۔نگراں مشیر تعلیم نے ہدایت کی کہ امتحانات کے دوران میں طلبہ کی حاضری، امتحانی حالات میں غیر معمولی افراد کے داخلے، پرچے کے دوران ہالوں کے اندر بچوں کیلئے ضروری سہولیات کے ساتھ ساتھ دیگر اہم امور پربھی مکمل چیک اپ رکھا جائے تاکہ ایک خوشگوار اور بہترین ماحول میں امتحانات کا انعقاد ممکن بنایا جاسکے۔رحمت سلام خٹک نے کہا کہ امسال تمام تعلیمی بورڈز کے نتائج کا اعلان ایک ہی دن کروایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے تمام تعلیمی بورڈز اپنے اپنے انتظامات مکمل کرنے پر کام شروع کردیں۔