اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود وفاقی دارالحکومت میں آج بلدیاتی انتخابات نہ ہو سکے۔
الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت نے آج بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل بینچ کا فیصلہ چیلنج کردیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں انٹراکورٹ اپیل دائر کی گئی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سنگل بینچ نے معاملے کے حقائق، قانونی پہلو مد نظرنہ رکھتے ہوئےفیصلہ سُنایا، انٹراکورٹ اپیل پر فیصلے تک سنگل بینچ کا آج الیکشن کرانے کا فیصلہ معطل کیا جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو آج وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا تاہم الیکشن کمیشن نے گزشتہ رات اتنے کم وقت میں الیکشن کرانے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ عملہ چھٹی پر جا چکا جبکہ حکومت نے بھی سکیورٹی کی فراہمی سے معذرت کر لی تھی۔
آج اسلام آباد میں کئی مقامات پر ووٹرز ووٹ ڈالنے پہنچے لیکن پولنگ اسٹیشنز پر تالے اور عملہ نہ ہونے پر مایوس ہو کر واپس لوٹ گئے، کئی مقامات پر ووٹرز نے قطاریں بھی لگائیں اور احتجاج ریکارڈ کرایا۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت نے بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل بینچ کا فیصلہ چیلنج کرتے ہوئے انٹراکورٹ اپیل دائر کر دی ہے جس میں آج ہی سماعت کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سنگل رکنی بینچ نے معاملے کے حقائق اور قانونی پہلو مدنظر نہ رکھتے ہوئے فیصلہ سنایا، انٹراکورٹ اپیل پر فیصلے تک سنگل بینچ کا آج الیکشن کرانے کا فیصلہ معطل کیا جائے۔