بھارت چاہتا ہے میں مر جاؤں: شیخ رشید
لاہور (ایمرا نیوز آن لائن) وزیر ریلوے شیخ رشید کاکہنا ہے بھارت چاہتا ہیں وہ مر جائیں لیکن بھارتی گھبرائیں نہیں وہ جب تک زندہ ہیں انہیں نہیں چھوڑیں گے۔
لاہور ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ سابق دورکے ڈھائی، تین ہزارکے قریب ملازمین کومستقل کررہے ہیں، 7 ستمبر کو راجن پور اور ڈی جی خان کے ریلوے اسٹیشنز کی مرمت کا کام شروع کیا جائے گا۔
جناح ایکسپریس کے کرائے میں کمی کا اعلان
اس موقع پر وزیرریلوے نے جناح ایکسپریس کے کرائے میں 500 روپے کمی کا بھی اعلان کیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مرکز میں ن لیگ ٹو بننے جا رہی ہے، ن لیگ ٹو کی قیادت شہباز کرتے ہیں یا چوہدری نثار، اس پر کچھ نہیں کہہ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جانتا ہوں کہ وہ کسی قیمت پر این آر او نہیں دیں گے، آصف زرداری کے خیر خواہ کچھ دینے دلانے کے لیے کوشاں ہیں، خود آصف زرداری نہیں، مسلم لیگ ن بھی کچھ دینے پر تیار ہو جائے تو بات بن سکتی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کشمیر سے متعلق لانگ مارچ میں میرے ساتھ ہوں گے، فضل الرحمان لاک ڈاؤن کے بجائے کشمیر کشمیر کھیلیں گے، خوشخبری دے رہا ہوں کہ کشمیر پر ساری پارٹیاں ایک ہونے جا رہی ہیں۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ عمرا ن خان کسی قیمت پر این آر او نہیں دیں گے، انہیں کہہ چکا ہوں یہ تھوڑے بہت پیسے دے دیں لیکن میری بات نہیں سنی گئی، آخری 5 اوور کے میچ اس لیے ہوں کہ شاید تھوڑی دولت نوازشریف کے لوگوں سے بھی مل جائے۔
گزشتہ روز مائیک سے کرنٹ لگنے کے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ مجھے کرنٹ لگا، میرے ہاتھ پیلے پڑ گئے، بھارت چاہتاہے میں مر ہی جاؤں، جب تک زندہ ہوں تمہیں چھوڑوں گا نہیں، لال چوک اور لال حویلی کا سرینگر سے خون کا رشتہ ہے، مودی نے پہلے کشمیر پر حماقت کی ہے، خدانخواستہ بھارت آزاد کشمیر یا لاہور کی طرف بڑھا تو ہم نے اسمارٹ بم رکھے ہوئے ہیں، پاکستان پر حملہ آور ہونے والے بھارتی ٹینکوں ،توپ خانوں اور فوجیوں کواسمارٹ بم سے اڑائیں گے، ہمارے پاس ہر سائز کا مسالہ ہے، چھوٹی گولی بھی ہے اور بڑی بھی، بھارت آئے تو سہی ہم تیاری سے ہیں۔