اتوار بازاروں میں بھی سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہونے لگیں
لاہور(اپنے نمائندے سے ) اتوار بازاروں میں بھی سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہونے لگیں۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے لگائے گئے اتوار بازار محض دعوے بن کر رہ گئے۔ وحدت روڈ اور شادمان اتوار بازار میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں کنٹرول سے باہر ہو گئیں۔ دکاندار ریٹ لسٹ پر درج قیمتوں سے زائد نرخ وصول کرتے رہے۔خریداروں نے کہا ہے کہ اول کی قیمت پر دوم درجے کی اشیا فروخت کی جا رہی ہیں خریداروں نے شکوہ کیا کہ ناقص اشیا فروخت کی جا رہی ہیں مگر انتظامیہ کوئی ایکشن نہیں لیتی۔شدید گرمی میں عوام خریداری کرنے کے لئے اتوار بازار آئی وہاں پر نہ تو پانی اور نہ ہی سائے میں بیٹھنے کی جگہ ہے ۔وحدت روڈ اور شادمان اتوار بازار میں آلو 20 روپے ، پیاز 30 روپے ، کدو 42 روپے سبز مرچ 70 روپے کلو فروخت ہوئی۔ ریٹ لسٹ میں ٹماٹر کی قیمت 70 روپے ہے مگر 90 روپے کلو فروخت ہوا۔ اس طرح ٹماٹر ایک دن میں 20 روپے کلو مہنگا ہوا۔ ادرک چائنہ کی قیمت پانچ روپے اضافہ سے 191 روپے مقرر کی گئی مگر 200 روپے تک فروخت ہوتا رہا، سبز مرچ 69، لہسن چائنہ 96 روپے، گوبھی79، بھنڈی 74 ساگ کی قیمت 22روپے کلو مقرر کی گئی۔اس طرح آم 150 روپے کلو، کیلا 60 روپے درجن، سیب 100 سے 200 روپے، انگور 240 سے 260، ناشپاتی 100 روپے کلو فروخت ہوئی۔ چھٹی کے روز شہریوں کی بڑی تعداد نے اتوار بازارکا رخ کیا۔ یہاں سبز مصالہ جات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔