عمران خان گھیرا تنگ کرنے کی کوشش نا کریں یہ وقت ان پر بھی آسکتا ہے: سعد رفیق
لاہور(نیٹ نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان گھیرا تنگ کرنے کی کوشش نا کریں یہ وقت ان پر بھی آسکتا ہے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ انتخاب این اے 131 لاہور میں پارٹی رہنماؤں سے خطاب کے دوران خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حکومت کو پتہ چل گیا ہے صاف شفاف انتخابات سے ضمنی الیکشن نہیں جیتا جا سکتا اسی وجہ سے حکومت ہمارے گرد گھیرا تنگ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب الیکشن لڑیں اور انتقام نہ لیں، حکومت اور مدمقابل کو پتہ ہے کہ وہ الیکشن نہیں جیت سکتے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی اجازت مل جاتی تو ضمنی الیکشن نہ ہوتا، حکومت کی پوری کوشش ہے کہ سازش کر کے ضمنی الیکشن جیت جائے۔
سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ‘میرا مدمقابل امیدوار مہینہ بھر پہلے میری پارٹی میں تھا، لوگوں کو پتہ ہےاس نے ایک دھیلے کا کام نہیں کیا’۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے ریلوے کا مردہ گھوڑا ہمارے ہاتھ سے زندہ کروانا تھا لیکن ہم اپنے دور میں جو ادارے ٹھیک کر کے گئے تھے حکومت انہیں خراب کررہی ہے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ریلوے کے موجودہ وزیر جہالت کا ثبوت دے رہے ہیں، دیانتدار افسروں کو رگڑا لگایا جا رہا ہے، ان حالات میں کوئی سول سرونٹ کسی فائل پر دستخط نہیں کرے گا۔
انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نئے پاکستان میں بجلی ، گیس ہر چیز مہنگی کردی گئی، ان سے حکومت سنبھالی نہیں جا رہی ، ناتجربہ کاری اور نااہلی سے کام لیا جا رہا ہے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ خارجہ امور میں بھی ان کی نااہلی صاف نظر آ رہی ہے،حکومت سی پیک کے منصوبے کو بھی سبو تاژ کررہی ہے، حکومت اپنی اس کوشش کو ترک کردے، بھارت اپنی مہم جوئی سے باز نہیں آرہا ، افغانستان سے بھی تعلقات نارمل ہیں۔