کترینہ کیف کو بھی پیار مل گیا؟ ایک تصویر جس نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کردیا
بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف کا شمار بھارت کی کامیاب اداکاراؤں میں ہوتا ہے تاہم انہوں نے ابھی تک شادی نہیں کی جس کے باعث ان کے مداح یہ جاننے کے لیے بے چین رہتے ہیں کہ وہ کسے پسند کرتی ہیں اور کب شادی کریں گی؟
حال ہی میں اداکارہ نے انسٹاگرام سٹوری پر اپنی ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس کو دیکھ کر لگتا ہے کہ انہوں نے کسی کے کندھے یا سینے پر سر رکھا ہوا ہے تاہم تصویر میں اس شخص کا چہرہ نظر نہیں آرہا۔
اس تصویر سے سوشل میڈیا پر افواہوں اور قیاس آرائیوں کا طوفان کھڑا ہوگیا ہے، مداحوں کا کہنا ہے کہ یہ دراصل کترینہ کے مبینہ بوائے فرینڈ اداکار وکی کوشال کی ہے۔
اس قیاس کو ثابت کرنے کے لیے مداحوں نے وکی کوشال کی تصویر بھی پوسٹ کی ہے جس میں وہ اسی رنگ کی ٹی شرٹ میں نظر آرہے ہیں۔
خیال رہے وکی کوشال اور کترینہ کیف کے درمیان تعلقات کے حوالے سے کچھ عرصے سے خبریں آرہی ہیں تاہم ابھی تک دونوں نے اس کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔