اسلام آباد ہائی کورٹ:سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکی 10 روزہ حفاظتی ضمانت منظور
اسلام آباد :اسلام آباد ہائی کورٹ نے صوابی میں درج اینٹی کرپشن مقدمہ میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکی 10 روزہ حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہو ئے درخواست نمٹا دی ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے حفاظتی ضمانت کیلئے دائر اسد قیصر کی درخواست کی سماعت کی ، اسد قیصر اپنے وکیل کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے ، عدالے نے دلائل سننے کے بعد اینٹی کرپشن کو10روزتک اسد قیصرکوگرفتار نہ کرنے اور اسد قیصرکو پچاس ہزارکے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیئے کہ اس کیس میں انور تاج والا ہی آرڈر کر رہے ہیں ، عدالت نے اسد قیصرکو شامل تفتیش اورمتعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم بھی دیا۔ جسٹس طارق محمود جہانگیری نے 10 روزہ حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے اسد قیصر کی درخواست نمٹا دی۔بعدا زاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ میرا پرویز خٹک سے ڈیڑھ دو ماہ سے کوئی رابطہ نہیں ہے ،وہ ہمارے پرانے دوستوں میں سے ہیں ،ان کی ایک اپنی سوچ ہے اسے جواچھا لگے گا وہ کریں گے ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک اب تحریک انصاف کا حصہ نہیں رہے، انہوں نے جو فیصلہ کرنا تھا کرلیا اب ان کی واپسی ممکن نہیں ہے،وہ ہمارے بہت پرانے دوست ہیں رابطے تو ہوتے رہیں گے ،ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک کی ایک اپنی سوچ ہے اگر وہ اپنی پارٹی بنانا چاہتے ہیں یا کسی پارٹی میں شمولیت کرنا چاہتے ہیں تو یہ ان کی اپنی مرضی ہے اس حوالے سے انہوں نے ہم سے رابطہ نہیں کیا ۔