اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے سعودی فٹبال کلب کی پرکشش آفر ٹھکرادی ، امریکی کلب میں شمولیت کا اعلان
بارسلونا:ارجنٹینا کے اسٹار فٹ بالر لیونل میسی نے سعودی فٹ بال کلب کی پرکشش آفر ٹھکرا کر امریکی کلب انٹر میامی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔سٹار فٹ بالر لیونل میسی نے اعلان کیا ہے کہ وہ فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) چھوڑنے کے بعد میجر لیگ سوکر (ایم ایل ایس) کی ٹیم انٹر میامی کے ساتھ معاہدہ کر رہے ہیں۔میسی کے اعلان سے ان کی بارسلونا میں دوبارہ شمولیت یا سعودی عرب میں کھیلنے کے لیے بلاک بسٹر معاہدوں کی افواہوں نے دم توڑ دیا ہے اور میسی نے امریکہ کو اپنی اگلی منزل کے طور پر منتخب کیا ہے۔ارجنٹائن کے فارورڈ 35 سالہ میسی نے 2021 میں بارسلونا سے راہیں جدا کر لی تھیں جہاں انہوں نے اپنے کیریئر کا بیشتر حصہ گزارا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے گذشتہ دو سیزن پیرس سینٹ جرمین کے لیے کھیلے اور ہفتے کو فرانسیسی کلب کے لیے اپنا آخری میچ
کھیل کر اسے بھی الوداع کہہ دیا۔ایم ایل ایس اور انٹر میامی نے سوشل میڈیا پر اس خبر کی تصدیق کی حالانکہ امریکن لیگ کے مطابق ’باقاعدہ معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے ابھی بھی کافی کام باقی ہے۔‘