اوساکا دیسی میوزک اینڈ کامیڈی لائیو کے نام سے پروگرام منعقد،پورے ٹکٹ فروخت
پاکستان کے معروف کامیڈین اور عمر شریف کے قریبی ساتھی سلیم آفریدی اپنے دیگر ساتھی فنکاروں اور گلوکاروں کے ہمراہ جاپان کے شہر اوساکا پہنچ گئے ہیں۔
اِنہیں جاپان کے دورے کی دعوت اوساکا میں مقیم آرگنائزر اور سینئر پاکستانی علی جوہر نے دی ہے۔
علی جوہر کے مطابق جاپان میں ایک طویل عرصے کے بعد انہوں نے اوساکا دیسی میوزک اینڈ کامیڈی لائیو کے نام سے پروگرام منعقد کیا ہے جس کے پورے ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔
علی جوہر کے مطابق پاکستان سے آنے والے فنکاروں میں ایف ایم ڈبلیو گیارہ سے شہرت حاصل کرنے والے عمر شریف کے قریبی ساتھی سلیم آفریدی کے علاوہ معروف گلوکار عمران ساجن، شاہد علی اور گلوکارہ افشین حیات بھی اوساکا پہنچیں ہیں۔
علی جوہر کے مطابق ان فنکاروں کے پروگرام اوساکا کے علاوہ ٹوکیو میں منعقد کیے جارہے ہیں جس کا انتظام معروف کاروباری شخصیت رمضان صدیق اور شاکر علی کی جانب سے کیا گیا ہے۔
علی جوہر نے بتایا کہ ان کی آرگنائزنگ کمیٹی میں ان کے علاوہ شعیب میمن اور ندیم خان بھی شامل ہیں علی جوہر کے مطابق جاپان میں بیس ہزار سے زائد پاکستانی مقیم ہیں لہٰذا وہ چاہتے ہیں کہ اتنی بڑی تعداد میں موجود اپنے پاکستانی بھائیوں کے لیے جاپان میں مستقبل میں بھی ایسے پروگرام آرگنائز کرتے رہیں تاکہ ہمارے پاکستانی بھائی اپنے کلچر اور ثقافت سے بھی واقف رہیں۔
علی جوہر کے مطابق اس دورے کو ممکن بنانے میں مرزا اینڈ کمپنی، کانسائی گروپ، حسین موٹرز، بلال حسن تارڑ، عطر ٹریڈنگ، دین ٹریڈنگ اور الفلاح ٹریڈنگ جیسے ادارے شامل ہیں جبکہ جان ٹریڈنگ نے بھی اس شو کو ممکن بنانے میں کردار ادا کیا ہے۔