آئی پی ایل میچز دکھانے پر پابندی کی منظوری
(ایمرا نیوز آن لائن)
وفاقی کابینہ نے پاکستان میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل)کے میچز دکھانے پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا،جس میں کئی اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ بھارت نے پاکستان میں کرکٹ کو نقصان پہنچانے کے لیے منظم سازش کی، بھارتی کرکٹ ٹیم نے فوجی کیپ پہن کر میچ کھیلا اور پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ پاکستان میڈیا الیکٹرانک ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) پاکستان میں آئی پی ایل کے نشر نہ ہونے کو یقینی بنائے گی۔ واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ حملے کے بعد بھارتی کمپنی آئی ایم جی ریلائنس نے پاکستان سپر لیگ میں بطور براڈ کاسٹ پارٹنر کام کرنے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کو ہنگامی طور پر نئے براڈ کاسٹر کا انتظام کرنا پڑا تھا۔