ایشین گیمز: پاکستانی دستہ 180تک رکھے جانے کا امکان
اسلام آباد: ایشین گیمز کی تیاریوں اور شرکت کیلئے پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل شعیب کھوسو کی صدارت میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان دستے کو حتمی شکل دینے کیلئے سپورٹس فیڈریشنز کی تجاویز لی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق اجلاس میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خالد محمود، متعدد سپورٹس فیڈریشنز اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں19ستمبر سے چین میں کھیلی جانیوالی 19ویں ایشین گیمز میں شرکت کیلئے پاکستانی دستے کی تعداد کا جائزہ لیاگیاجبکہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خالد محمود اور سپورٹس فیڈریشنز کے حکام نے گیمز سے متعلق اپنی ترجیحات سے پاکستان سپورٹس بورڈ کو آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق مالی مشکلات کے باعث پاکستان سپورٹس بورڈ ایشین گیمز میں پاکستان کا دستہ 180افراد تک رکھنے پر غور کر رہا ہے جبکہ اجلاس کے شرکا نے تجویز دی ہے کہ پاکستان سپورٹس بورڈ ایشین گیمز میں ان کھیلوں کو بھرپور سپورٹ کریں
جن میں میڈلز آنے کی توقع ہے۔ اس ضمن میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ شعیب کھوسو کا کہنا تھا کہ پی ایس بی ایشین گیمز کے حوالے پی او اے اور سپورٹس فیڈریشنز کی تجاویز کا جائزہ لیگا اور ہماری کوشش ہوگی کہ گیمز میں میڈلز جتنے والی فیڈریشن کی ہر ممکن سپورٹ کی جاے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ باصلاحیت کھلاڑیوں کو بھی بھرپورسپورٹ کرے گا تاکہ ایشین گیمز میں وہ ملک کا نام روشن کریں ۔