این سی اے بیچلرز ڈگر ی شو2020کا آغاز
نیشنل کالج آف آرٹس کے بیچلر زڈگر ی شو2020کاآغاز ہو گیا۔ بیچلرز ڈگری شو 2020میں کالج کے تمام شعبوں کے پاس آؤٹ طلبا و طالبات کے آرٹ ورکس ڈسپلے کئے گئے۔ جسے آرٹ کے شائقین نے نہایت متاثر کن قرار دیا۔ آرٹ کے شائقین کی کثیر تعداد ہونے کے باوجود سب نے ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے سماجی دُوری اختیارکیے رکھی اور ماسک کے استعمال کو یقینی بنایا گیا۔بیچلرز ڈگری شو2020 کے حوالے سے پرنسپل نیشنل کالج آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری کا کہنا تھا کہ این سی اے کا بیچلرز ڈگری شو پاکستا ن کا سب سے بڑا ڈگری شو ہوتا ہے، جس میں شعبہ فائن آرٹ،ویژول کمیونیکیشن ڈیزائن، ٹیکسٹائل ڈیزائن، سرامکس ڈیزائن، پروڈکٹ ڈیزائن، آرکیٹکچر، فلم اینڈ ٹیلی ویژن اور میوزیکالوجی سے پاس آؤ ٹ ہونے والے طلبا و طالبات کو اپنی بھر پور تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کا مو قع ملتا ہے۔ نیشنل کالج آف آرٹس کا یہ بیچلرز ڈگری شوایک منفرد مقام رکھتا ہے جسے ہر سال نہ صرف پاکستان بلکہ مختلف ممالک سے ہزاروں افراد کی تعداددیکھنے کے لئے آتی ہے اور طلبہ و طالبات کے کام کی تعریف کرتی ہے۔ این سی اے بیچلرزڈگری شو کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس شو میں رکھے گئے فن پارے شوکے دوران ہی آرٹ کے شائقین کی جانب سے نہ صرف بے حد سراہے جاتے ہیں بلکہ خرید بھی لئے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل ذہانت اور تخلیقی صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں ہیں۔این سی اے میں فراہم کی جانے والی فنون لطیفہ کی تعلیم عالمی معیار کے عین مطابق ہے۔