ایک سال سے تنخواہوں سے محروم انصاف سکولوں میں پڑھانے والے اساتذہ کی سنی گئی
لاہور :ایک سال سے تنخواہوں سے محروم انصاف سکولوں میں پڑھانے والے اساتذہ کی سنی گئی، محکمہ خزانہ پنجاب نے لاہور سمیت صوبے بھر کے انصاف سکولوں کے لیے 1ارب 68کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں بتایا گیا ہے کہ مذکرہ فنڈز انصاف سکولوں کے اساتذہ کی تنخواہوں اور انتظامی اخراجات کی ادائیگی کے لیے جاری کیے گئے ہیں۔لاہور میں انصاف سکولوں کو تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے ایک کروڑ نوے لاکھ روپے جاری کئے گئے ہیں۔ اس طرح ملتان کیلئے 4 کروڑ تیس لاکھ روپے ،فیصل آباد کیلئے 5 کروڑ چالیس لاکھ روپے ،ٹوبہ ٹیک سنگھ کیلئے 6 کروڑ ستر لاکھ ،راولپنڈی کیلئے 1 کروڑ بیس لاکھ روپے ،جھنگ کیلئے 9 کروڑ اور حافظ آباد کیلئے 3 کروڑ ساٹھ لاکھ روپے ،جہلم کیلئے 4 کروڑ اور چنیوٹ کیلئے 4 کروڑ چالیس لاکھ روپے جاری،اٹک کیلئے 40 کروڑ اوربہاولنگر کیلئے 7 کروڑ پچاس لاکھ روپے ،چکوال کیلئے 80 لاکھ اوربہاولپور کیلئے3 کروڑ ساٹھ لاکھ روپے ،سیالکوٹ کیلئے5 کروڑ اور وہاڑی کیلئے 6 کروڑ ستر لاکھ روپے جاری کر دیئے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مذکورہ فنڈز صرف انصاف سکولوں کے اساتذہ کی تنخواہوں کی ادائیگی پر خرچ ہوسکیں گے۔پنجاب بھر میں انصاف سکولوں کی تعداد 7 ہزار اور لاہور میں 108 ہے،مذکورہ سکولوں میں پڑھانے والے اساتذہ کی تعداد دس ہزار ہے۔