بالی ووڈ میں کام کرنے کے دوران خوب پروٹوکول ملتا تھا،جاوید شیخ
لاہور: پاکستانی ڈرامہ و فلم انڈسٹری کے معروف سینئر اداکار جاوید شیخ نے ماضی کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دوران شاہ رخ خان کے شاہانہ ٹھاٹ باٹ اور اکشے کمار کی شرارتوں سے بہت محظوظ ہو ا ۔ نجی ٹی وی شو میں میزبان کے ایک سوال پر سینئر اداکار نے بتایا کہ بالی ووڈ میں کام کرنے کے دوران خوب پروٹوکول ملتا تھا، کھانے پینے کے لئے ہر چیز مہیا کی جاتی، سب کی الگ وینیٹی ہوا کرتی تھی مجھے بھی دی گئی لیکن سیٹ پر اسموکنگ اور تصاویر بنانے کی اجازت نہیں تھی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مجھے اس وقت سگریٹ نوشی کی عادت تھی اور سگریٹ نوشی کے لئے سیٹ سے باہر جانا پڑتا تھا۔ پھر ایک روز شاہ رخ خان کو دیکھا کہ وہ تو سیٹ پر ہی سگریٹ نوشی کر رہے ہیں تو میں نے انہیں بتایا کہ میرا بھی سیٹ پر شاہانہ انداز میں سگریٹ نوشی کا دل کرتا ہے جس پر شاہ رخ خان نے ان کی درخواست فوراً قبول کرتے ہوئے اسپاٹ بوائے کو میرے لئے ٹیبل لگانے کا حکم دے دیا پھر میں بھی سیٹ پر ہی اسٹائل سے سگریٹ نوشی کیا کرتا تھا۔انہوں نے اکشے کمار کے ساتھ کام کے تجربے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اکشے سب سے زیادہ شرارتی ہے۔ ایک بار ایسا ہوا کہ میری اور اس کی گھڑی ایک جیسی تھی، مجھے اس وقت معلوم نہیں تھا، اکشے نے جب میری گھڑی دیکھی تو اسے شرارت سوجی اس نے اسپاٹ بوائے امر کو اپنے ساتھ ملایا۔ پھر اکشے کمار نے اس پر غصہ کیا کہ اس نے مجھے گھڑی کیوں دی جس پر میں نے کہا کہ یہ میری گھڑی ہے، کچھ دیر بعد ایک اور اسپاٹ بوائے اکشے کمار کی گھڑی لے کر آیا اور بتایا کہ آپ دونوں کی گھڑیاں ایک جیسی ہیں اور انہیں ان کی گھڑی دی۔ اس ہَبَڑ وَبَڑ میں اکشے کمار نے اسپاٹ بوائے امر کے ہاتھ سے اس کی ہی گھڑی نکال لی تھی اور اسے پتا بھی نہیں چلا۔