بھارت میں سب سے زیادہ پاکستانی ٹیم کیلئے سکیورٹی کا مسئلہ احمد آباد میں ہے: سربراہ پی سی بی
لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے ورلڈکپ 2023ء میں پاک بھارت میچ کیلئے احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں میچ کروانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انڈین ایکسپریس کو انٹرویو میں نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارت کے اقدامات سے ایسا لگتا ہے کہ شاید وہ چاہتے ہیں کہ ہم ہندوستان نہ آئیں، میں انکی سیاست میں نہیں جانا چاہتا لیکن یقینی طور پر اگر سب سے زیادہ ہمیں سیکیورٹی کا مسئلہ ہوگا تو وہ احمد آباد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچ اگر چنئی یا کولکتہ میں ہوتا تو بھی سمجھ میں آتا، احمد آباد میں کون سیاسی طور پر حکومت کرتا ہے سب جانتے ہیں۔ گزشتہ دنوں میڈیا رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاک بھارت ورلڈکپ مقابلے کیلئے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم کا انتخاب کیا ہے، جس میں 1 لاکھ سے زائد شائقین کرکٹ لائیو میچ سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔پاکستان اپنے ورلڈکپ کے میچز سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر چنئی اور بنگلورو میں کھیل سکتا ہے جبکہ کولکتہ کے مشہور ایڈن گارڈنز کو بھی پاکستان کے میچز کی میزبانی کا ممکنہ مقام سمجھا جارہا ہے۔ ۔