حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان تیسرا اور فیصلہ کن دور آج منگل کو ہوگا
اسلام آباد:حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا تیسرا اور فیصلہ کن دور آج منگل کو ہوگا تاہم فریقین کے سخت موقف کے باعث اج بھی عام انتخابات ایک ہی دن کروانے سے متعلق اتفاق رائے کا کوئی امکان نہیں ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والے ان مذاکرات میں حکمران اتحاد کی کمیٹی کی سربراہی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور تحریک انصاف کی کمیٹی کی سربراہی شاہ محمود قریشی کرینگے ذرائع کا کہنا ہے کہ جارحانہ بیانات نہ دینے سے متعلق فریقین نے ثالث چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی درخواست بھی رد کردی، صادق سنجرانی نے دونوں سے کہا تھا کہ جب تک بات چیت کسی نتیجے پر نہیں پہنچتی اس وقت تک کسی قسم کی بیان بازی نہ کی جائے جس سے مذاکرات متاثر ہوں تاہم تحریک انصاف اور حکومت دونوں نے اس کی پروا نہ کی جس سے اب عدم اعتماد بڑھ گیا ہے ذرائع نے بتایا کہ آج منگل کے مذاکرات میں بھی مئی میں قومی اسمبلی تحلیل کرنے سے متعلق کسی پیش رفت کا امکان نہیں ہے بلکہ حکمران اتحاد نے ہر حال میں بجٹ 2023.24 دینے کا اعلان کردیا ہے، قومی بجٹ جون کے پہلے ہفتے قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور باپ کے ماننے کی صورت میں ایک ہی دن پورے ملک میں عام انتخابات زیادہ سے زیادہ ستمبر میں ہوسکتے ہیں اور اس کیلئے تمام اسمبلیوں کا مدت پوری کرنا لازمی ہے جو کہ اگست میں ہوگی مسلم لیگ ن اکیلے اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کرے گی جبکہ حکومت کا کہنا ہے کہ منگل کو تحریک انصاف کی باڈی لینگوئج دیکھ کر پتہ چل جائے گا کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔اتحادی اور مقتدر حلقے بھی اسمبلی کی مدت پوری ہونے کے حامی ہیں۔