دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کاآسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ
(نیٹ نیوز/میڈیا 92 نیوز)ابوظہبی: پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اس سے قبل پہلے میچ میں بھی قومی ٹیم کے کپتان نے یہی فیصلہ کیا تھا۔ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے زخمی اوپنر امام الحق کی جگہ فخر زمان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو اپنا ڈیبیو میچ کھیلیں گے۔ پاکستان کی جانب سے میر حمزہ بھی ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی ہیں جنہیں وہاب ریاض کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ قومی اسکواڈ کپتان سرفراز احمد، اسد شفیق، محمد حفیظ، اظہر علی، حارث سہیل، بابراعظم، فہیم اشرف، بلال آصف، محمد عباس، محمد رضوان، عثمان صلاح الدین، وہاب ریاض، یاسر شاہ، میر حمزہ اور شاداب خان شامل ہیں۔ ٹم پین کی قیادت میں آسٹریلوی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، دبئی ٹیسٹ کی گیارہ رکنی ٹیم ہی ابوظہبی ٹیسٹ میں جلوہ گر ہوگی۔