ریاستی مفادات کو سیاسی وابستگیوں پر فوقیت دی جائے: اعظم نذیر تارڑ
واشنگٹن : وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سمندر پارپاکستانی ملک کا بیش قیمتی اثاثہ ہیں جنہوں نے ہر مشکل گھڑی میں وطن کی مشکلات کم کرنے میں کردار ادا کیا ہے۔ واشنگٹن میں کانگریس رہنمائوں، سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے سینئر اہلکاروں اور پاکستانی کمیونٹی رہنمائوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کی پہچان ہے اور اس کے وقار کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بعض مفاد پرست عناصر سمندر پار پاکستانی کمیونٹی میں تفرقہ ڈالنے اور اپنے ہی وطن اور حکومت سے بدگمان کرنے کی خاطر بے بنیاد پراپیگنڈہ کر رہے ہیں۔ وزیر قانون نے کہا کہ اوورسیز ہمارا حصہ ہیں۔ ہمارا اور آپ کا رشتہ دائمی ہے۔ امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ نو مئی کو سرکاری املاک اور وطن عزیز اور ریاستی اداروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کی مذموم سازش اور اس میں ملوث ملزمان کے خلاف کاروائی پر بات کرتے ہوئے وزیرِ قانون نے کہا دنیا کا کوئی بھی مہذب معاشرہ اپنے قابل فخر اداروں اور شہدا پر حملہ برداشت نہیں کرسکتا اور اس حوالے سے قانون اپنا راستہ اختیار کرتا ہے۔سرکاری املاک کو نذر آتش کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف ملک کے آئین اور قوانین کے تحت ہی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں وزیرقانون نے آج کانگریس کے مختلف اراکین جن میں ایلیکس مونی،جم بیئرڈ، اینڈی ہیرس اور کانگریسی رکن شیلا جیکسن لی شامل ہیں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ لیگل بیورو کے سینئر اہلکار رچرڈ وائیسک اور ان کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرِ قانون نے دونوں ملکوں کے درمیان شعبہ قانون سمیت تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے اور قانون کے طلبا کو قانون کی جدید تربیت دینے کے حوالے سے تعاون میں اضافے پر زور دیا۔ امریکی وفد کی جانب سے وزیر قانون کی تجویز کا خیر مقدم کیا گیا۔