سانحہ سیالکوٹ، پولیس کی کوئی کوتاہی نہیں، آئی جی پنجاب
سانحہ سیالکوٹ، پولیس کی کوئی کوتاہی نہیں، آئی جی پنجاب
پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور کا کہنا ہےکہ سیالکوٹ واقعے میں ملوث تمام مرکزی ملزمان گرفتار ہیں اور ان کی شناخت بھی ہوچکی ہے جب کہ آئی جی پنجاب نے پولیس کی کوتاہی کا امکان خارج کردیا۔
آئی جی پنجاب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت نے بتایا کہ سیالکوٹ واقعے میں ملوث 118گرفتار ملزمان میں 13مرکزی ملزم شامل ہیں، ان تمام مرکزی ملزمان کی شناخت ہوچکی ہے، واقعے سے متعلق 160کیمروں کی فوٹیج لی گئی ہے اور گرفتاریوں کے لیے 10ٹییمیں بنائی گئی ہیں جب کہ واقعے کے مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات شامل ہیں، آر پی او اور ڈی پی او 24 گھنٹے چھاپوں کی نگرانی کررہے ہیں۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر مقامی پولیس نے فوری طورپر حکام کوآگاہ کیا، ڈی پی او اور ایس اپی پیدل چل کر وہاں پہنچے، واقعے کے بعد راستے بلاک تھے اس میں پولیس کی کوتاہی ثابت نہیں ہوئی، اگر واقعے میں پولیس کی کوئی کوتاہی ہوئی تو اس کا جائزہ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ واقعے میں سارے ملزم تو قاتل نہیں ہر ملزم کا کردار طےکیا جائےگا اور تفتیش میں طے کریں گے کس ملزم کا کیا رول تھا، ابھی تک جتنی تحقیقات ہوئیں سب بتائی جاچکیں، اب تک جو کچھ کیا ہے اس کی تفصیلات شیئر کررہے ہیں، 160فوٹیجز کی روشنی میں گرفتاریاں کی جائیں گی۔