سوئی گیس کے بلوں نے چیخیں نکلوا دیں ،صارفین کوجون کا بل آٹھ ہزار تک موصول ہورہے ہیں
لاہور : امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ماہ جون کے سوئی گیس کے بل 8ہزار تک صارفین کو بھجوائے جا رہے ہیں۔سوئی گیس کے بلوں میں ہوشربا اضافہ قابل مذمت ہے ۔سوئی ناردرن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گیس میٹر کا کرایہ 40 روپے سے بڑھا کر 500 روپے ماہانہ کرنے سے صارف گیس استعمال نہ بھی کرے تو بھی اسے ہر ماہ 500 روپے کم ازکم بل دینا ہو گا، چارجز کا اطلاق جنوری 2023 سے ہو چکا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق صارفین کو 3 ماہ کے بقایا جات، میٹر رینٹ اور گیس ٹیرف کی مد میں اضافی رقم دینا ہو گی، سوئی ناردرن نے رقم ہر ماہ گیس بلوں میں شامل کرکے بھجوانا شروع کردی ہے۔جس سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ پی ڈی ایم کی حکومت عوام پر مہنگائی بم گرانے کی غرض سے بر سر اقتدار آئی ہے ان کے پاس عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا کوئی معاشی ایجنڈا نہیں۔ گیس بلوں میں ظالمانہ اضافے کے بعد شہریوں کو گیس ہی دستیاب نہیں۔ گیس کی بندش اور لو پریشر سے شہری پریشان ہیں۔ اقبال ٹاون،ٹھوکر نیاز بیگ، داروغہ والا، شادی پورہ،شالیمار،شاد باغ،علی پارک،نیو شاد باغ، بادامی باغ، سمن آباد، بیڈن روڈ کے متعدد علاقوں میں گیس کی بندش کا سامنا ہے۔ رہی سہی کسر بلوں نے پوری کر دی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ غریب عوام کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ اقتدار ان ظالموں سے چھین کر حقیقی نمائندوں کے سپرد کیا جائے ۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ وفاقی و پنجاب کا آئندہ چار ماہ کا بجٹ فراڈ ہے‘ اشرافیہ کومزید مراعات دیں اور عوام پر ٹیکسوں کی بھر مار کی‘ مہنگائی میں کمی کیلیے اقدامات نہیں کیے گئے،انتظامی اخراجات میں اضافہ کیا‘صرف سرکاری ملازمین کونوازا گیا‘بجٹ نے مزدوروں کو مایوسی کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ بجٹ میں مزدور کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، گزشتہ سال کے مقابلے میں مہنگائی اور ضروریات زندگی کی قیمتوں میں300 فیصد تک کا اضافہ ہو چکا ہے