سیاسی لڑائی نے سارے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے،ایپٹما
جڑانوالہ:آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشنریجنل(اپپٹما)کے چیئرمین حافظ شیخ محمد اصغر قادری نے کہا ہے کہ سیاسی لڑائی نے سارے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جسکی وجہ سے کوئی بھی اہم ادارہ محفوظ نہیں رہا۔ پورا ملک میدان جنگ بناہواہے اور دنیا میں جس کی الگ جگ ہنسائی الگ ہو رہی ہے ان حالات میں ملک میں معاشی اصلاحات کا ایجنڈہ پس پشت چلا گیاہے۔حالات کا بہتر ہونا اور معیشت کا چلنا ناممکن ہو چکاہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کی شرح نمو اس سال صرف آدھا فیصد رہنے کا امکان ہے اگرسیاسی کشمکش جاری رہی تو عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ بے روزگاری اور مہنگائی نت نئی حدوں کو عبو ر کر رہی ہے۔پنجاب اور کے پی میںقبل از وقت الیکشن ہونے یا نہ ہونے کی سیاسی جنگ کے ساتھ حکومت اپوزیشن اور عدلیہ کے مابین قانونی جنگ بھی شروع ہو گئی جس نے عوام کو پریشان اور کاروبار و صنعت کاروں کو خوفزدہ کر رکھا ہے۔سیاسی معاملات کو غیر سیاسی انداز میں حل کرنے کے رجحان نے اہم عہدیداروں اور اہم اداروں کے مابین خلیج کی لکیر کھینچ دی ہے جس سے جمہوریت مسلسل کمزور ہو رہی ہے اور سارے نظام کی ساکھ دائو پر لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ ملک میں بجلی‘ گیس‘ پانی کی لوڈشیڈنگ مسلسل جاری ہے جبکہ مہنگی بجلی‘ گیس اور پٹرولیم مصنوعات نے عوام کی کمر توڑ مروڑ کر رکھ دی ہے