سی پیک ے کی دسویں سالگرہ منصوبے کو ازسر نو توسیع دینے کا سنہری موقع ہے،شہباز شریف
اسلام آباد:پاکستان اورچین نے علاقائی مسائل اور قومی مفادات کے تحفظ پر ایک دوسرے کی حمایت کے عزم کا اظہار کیاہے،وزیراعظم شہباز شریف کاکہناہے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی دس سالہ سالگرہ اس منصوبے کو ازسر نو توسیع دینے کا ایک سنہری موقع ہے،جبکہ چینی نائب وزیراعظم ہی لیفینگ نے پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں چین کے مستقل تعاون کی یقین دھانی کرائی ہے۔وزیر اعظم ہائوس سے وزیراعظم شہباز شریف اور چینی نائب وزیراعظم کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سے چینی صدر شی جن پنگ کے خصوصی نمائندہ، چین کے نائب وزیراعظم اور کومیونسٹ پارٹی آف چائنا کی سینٹرل کمیٹی کے پولٹبیورو کے رکن ہی-لیفینگ نے ملاقات کی ہے ،وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے نائب وزیراعظم ہی لیفینگ کا وزیرِ اعظم ہاؤس پہنچنے پر گرمجوشی سے استقبال کیا ،ملاقات میں فریقین نے پاکستان اور چین کے تعلقات کے متعدد پہلوؤں، بشمول چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) اور دوطرفہ اقتصادی و مالیاتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا،وزیراعظم نے ہی-لیفینگ کو مارچ میں چین کے نائب وزیراعظم کے عہدے پر فائز ہونے پر مبارکباد پیش کی،اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان میں 2022 کے تباہ کن سیلاب اور پاکستان کو درپیش موجودہ معاشی چیلنجز بالخصوص آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو حتمی شکل دینے جیسے مشکل اوقات میں پاکستان کے شانہ بہ شانہ کھڑا رہا،اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ چین کے نائب وزیراعظم ہی-لیفینگ نے پاکستان اور چین کی سٹریٹیجک شراکت داری اور دوستی اور بھائی چارے پر مبنی تعلقات کو اجاگر کیا اور دونوں ممالک کے درمیان اشتراک میں توسیع پر زور دیاہے،چینی نائب وزیراعظم نے پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں چین کے مستقل تعاون کی یقین دھانی کرائی ہے،ملاقات میں دونوں ممالک کے راہنماؤں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی پاکستان اور چین کی مشترکہ معاشی اور اقتصادی ترقی میں مرکزیت پر زور دیا،وزیر اعظم نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی دس سالہ سالگرہ اس منصوبے کو ازسر نو توسیع دینے کا ایک سنہری موقع ہے، ملاقات میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی چین کو زرعی برآمدات بڑھانے میں پاکستان کی دلچسپی سے آگاہ کیا،ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان زرعی، صنعتی اور مواصلاتی سمیت دیگر شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے،دونوں رہنماؤں نے علاقائی مسائل اور اپنے قومی مفادات کے تحفظ پر ایک دوسرے کی حمایت کے عزم کا اظہار کیا ،وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چینی نائب وزیراعظم ہی-لیفینگ کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا،چینی وفد میں چینی سٹیٹ کاؤنسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل گو وے، چینی نائب وزیرِ خارجہ سن ویڈونگ، نائب چیئرمین نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کونگ لیانگ، پیپلز بینک آف چائنا کے ڈپٹی گورنر زوان چینگنینگ اور وانگ کیبنگ، چینی وزارت تجارت کے شعبہ ایشیائی امور کے ڈائریکٹر جنرل وانگ لیپنگ، پاکستان میں چین کے سفارتخانے کی چارج ڈی افئیرز پانگ چنشوئے اور دیگر اعلیٰ چینی افسران شامل تھے جبکہ پاکستانی وفد میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر تجارت سید نوید قمر، وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق، وزیر مملکت برائے خارجی امور حنا ربانی کھر، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور مختلف وزارتوں سے دیگر اعلیٰ افسران شامل تھے۔