شادی پر میڈیا کی توجہ ثانیہ مرزا کی وجہ سے ملی، شعیب ملک
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ شادی کے موقع پر تمام توجہ ثانیہ مرزا کی وجہ سے ملی۔نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا کہ خواہش ہے کہ بیٹا حافظ قرآن ہو اور ہر ایک کی عزت کرنے والا ہو، اس کے علاوہ اذہان مرزا ملک کی اپنی مرضی ہے زندگی میں جوبننا چاہے بنے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ مستقبل میں کبھی کرکٹ ٹیم کا کوچ بننے کے حوالے سے تصور بھی نہیں کر سکتے۔ ایک سوال کے جواب میں سابق کپتان شعیب ملک نے کہا کہ شادی کے موقع پر میڈیا کی جانب سے جو بھی لائم لائٹ ملی وہ ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا کی وجہ سے ہی ملی۔ انہوں نے پاکستانی مردوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر کبھی کسی ایسے انسان کو عزت مل جائے جسے آپ پسند نہیں کرتے تو کم از کم خوش ہونے کا دکھاوا ضرور کریں اور جب کبھی آپ کے چاہنے والے کو کامیابی ملے تو پھر خوشی سے آپ کے پیر زمین پر ٹکنے ہی نہیں چاہیے پھر چاہے وہ شخص کوئی بھی ہو، آپ کی بہن، بیوی ، ماں یا پھر ساس ہی کیوں نہ ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میاں بیوی کے رشتے میں مرد کا بالاتر نہیں بلکہ دونوں کو برابر ہونا چاہیے۔