شاہین اور انشا کی شادی کی تاریخ ایشیاء کپ کے باعث آگے ہوگئی ، شاہد آفریدی
کراچی :سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ان کی صاحبزادی انشا اور قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی شادی ایشیا کپ کے باعث فی الحال ملتوی کرنی پڑے گی۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں شاہد آفریدی نے ایشیا کپ کی تاریخوں کے اعلان سے متعلق خوشی کا اظہار کیا۔شاہین آفریدی اور انشا کی شادی کی تاریخ کے حوالے سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے مسکرا تے ہوئے کہا ‘تاریخ کا مجھے علم تھا اور مہینہ میں نے صرف آپ کو بتایا تھا، دونوں کی شادی ستمبر کی 3 تاریخ کو ہونا تھی جسے اب منسوخ کرنا پڑے گا کیونکہ میں سمجھتا ہوں انشااللہ شادی ہوجائے گی، دیر یا سویر، شکر ہے ایشیا کپ وقت پر ہورہا ہے، یہ پاکستان اور شاہین دونوں کے لیے اہم ہے’۔ ان سے ایک اور سوال کیا گیا کہ ‘ایشیا کپ کے فوراً بعد بھارت میں ورلڈکپ ہونا ہے تو کیا ہم سمجھیں کہ شاہین اور انشا کی شادی نومبر کے اختتام یا دسمبر کی شروعات میں ہوگی؟ اور پھر دسمبر میں آسٹریلیا کا پاکستان کا دورہ ہے’۔سابق کپتان نے جواب میں کہا ‘بس جیسے ایشیا کپ کا اونٹ ایک طرف بیٹھ گیا ہے، ویسے ہی یہ بھی بیٹھ جائے گا’۔ دوسری جانب قوم می کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف جن کا نکاح رواں برس کے آغاز پر ہوا تھا، ان کی شادی بھی آئندہ ماہ جولائی کے پہلے ہفتے میں ہوگی۔