شیریں مزاری کا نام ای سی ایل فہرست سے نکالنے کی درخواست
اسلام آباد: شیریں مزاری کا نام ای سی ایل اور پی این آئی ایل فہرست سے نکالنے کی درخواست پرعدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کر کے تین دن میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کا نام ای سی ایل اور پی این آئی ایل فہرست سے نکالنے کی درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس طارق محمود جہانگیری نے درخواست پر سماعت کی۔شریں مزاری اپنے وکلاء احسن جمال اور ایمان مزاری کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں،عدالت نے شریں مزاری کے وکیل سے سوال کیا کہ ای سی ایل میں آپ کا نام ہے تو کاپی کہاں ہے؟۔ وکیل شیریں مزاری نے بتایا کہ ای سی ایل میں نام ڈالنے کی کوئی کاپی نہیں،میڈیا رپورٹ سے پتہ چلا، عدالت نے استفسار کیا کہ اخباری خبر میں بھی آپ کا نام نہیں تو آپ عدالت کیسے آ سکتے ہیں؟آرٹیکل میں تو صرف ایک فیگر سے متعلق بتایا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے وکیل شیریں مزاری سے سوال کیا کہ آپ کے کیسز کا کیا بنا؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ شیریں مزاری کو کچھ کیسز سے نکال دیا گیا ہے،کچھ ابھی برقرار ہیں۔ عدالت نے وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کو متعلقہ افسر تعینات کرنے کا حکم دے دیا،جبکہ فریقین کو نوٹس جاری کر کے تین دن میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت19 جولائی تک ملتوی کر دی۔