عمران خان ،بشری بی بی نکاح کے گواہ نے اپنا بیان قلمبند کروادیا
اسلام آباد :چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ، بشری بی بی کے نکاح کے گواہ اور وزیر اعظم کے مشیر عون چوہدری نے اپنا بیان قلمبند کروادیا ہے،عون چوہدری نے کہا کہ عمران خان اور بشری بی بی کا نکاح دوران عدت ہی ہوا تھاجس کی وجہ سے عمران خان کو دوبارہ نکاح کرنا پڑااس حوالے سے تقریب فراڈ اور جھوٹ پر مبنی تھی ،عدالت نے بیان قلمبند ہونے کے بعد کیس کی سماعت 10 مئی تک ملتوی کر دی ۔تفصیل کے مطابق درخواست گزار وکیل رضوان عباسی نے عون چوہدری کا بیان قلمبند کروایا ،بیان قلمبند ہونے سے قبل عون چوہدری سے حلف لیا گیا ،عون چوہدری نے کہا کہ میرا نام محمد عون ثقلین ہے، عمر 44 سال ہے،میں فی الوقت وزیراعظم کا مشیر ہوں،میں عمران خان کا زاتی اسسٹنٹ، سیاسی سیکرٹری اور نہایت قریبی ساتھی تھا،میں عمران خان کے تمام سیاسی اور ذاتی معاملات کو بھی دیکھتاتھا،عمران خان کی ریحام خان سے 2015 میں طلاق ہوئی،عمران خان کو بشریٰ بی بی نے کہا فی الفور ریحام خان کو طلاق دیدو کیونکہ ریحام خان کو طلاق دینا سے ہی تمہارے لیے بہتر ہے، ریحام خان ملک میں موجود نہیں تھیں لیکن بشریٰ بی بی کے کہنے پر عمران خان نے ریحام خان کو طلاق دیدی،ریحام خان کو ای میل پر عمران خان نے طلاق دی،عمران خان طلاق کے بعد ذہنی پریشانی کا شکار رہتے تھے،عمران خان مجھے اکثر اوقات کہتے کہ مجھے بشریٰ بی بی کے پاس لے جاؤ،بشریٰ بی بی کے ساتھ عمران خان کا ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا،31 دسمبر 2017 کو عمران خان نے کہاکہ یکم جنوری کو بشریٰ بی بی سے نکاح کرنا ہے،عمران خان نے مجھے کہاکہ نکاح کے انتظامات کرو،عمران خان کی بات پر میں نے حیرانگی کا اظہار کیااور کہاکہ بشریٰ بی بی پہلے سے شادی شدہ ہیں،میرے سوال کرنے پر عمران خان نے مجھے بتایاکہ بشریٰ بی بی کی طلاق ہوگئی ہے،میں نے عمران خان کا یقین کیااور اگلے دن مفتی سعید اور زلفی بخاری کو لے کر لاہور روانہ ہوگیا،یکم جنوری 2018 کو عمران خان کا بشریٰ بی بی کے ساتھ نکاح لاہور میں ہوا،میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے نکاح کا گواہ ہوں،نکاح سے قبل مفتی سعید نے میرے سامنے بشریٰ بی بی کے طلاق نامے کا استفسار کیا،عمران خان اور بشریٰ بی بی نے مفتی سعید کو کہاکہ طلاق نامہ دیدیاجائیگا،عمران خان اور بشریٰ بی بی کے نکاح کے بعد معلوم ہواکہ پہلے نکاح کے وقت عدت کا دورانیہ مکمل نہیں ہواتھا،بشریٰ بی بی اور عمران خان کو عدت کا دورانیہ مکمل نہ ہونے کا علم تھا،بشریٰ بی بی کے عدت کے دوران نکاح کی بات میڈیا پر بھی آگئی تھی،عمران خان نے مجھے بلا کر بتایاکہ عدت کا دورانیہ 18فروری کو مکمل ہوگا،میرے دوبارہ بشریٰ بی بی کے ساتھ نکاح کرنے کے انتظامات کرو،عدت کا دورانیہ 18 اور 14 فروری 2018 کے درمیان مکمل ہوتاتھا،میں نے عمران خان سے دورانِ عدت نکاح کا استفسار کیا،مجھے عمران خان نے کہاکہ بشریٰ بی بی کو حکم ملاتھا کہ سال 2018 کے پہلے دن نکاح ہوگا،عمران خان کو بشریٰ بی بی نے کہاکہ ہم میاں بیوی رہیں گے تو میں وزیراعظم بن جاؤں گا،عمران خان کی شادی کی تقریب اور نکاح فراڈ پر مبنی تھا،عمران خان نے پیشگوئی کے زیر اثر پہلا نکاح کیا،جج نصرمِن اللہ بلوچ نے بیان قلمبند ہونے کے بعد عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیرشرعی کیس 10 مئی تک ملتوی کر دی۔