غربت مٹاؤ اور سوشل پروٹیکشن کی نئی وزارت کی منظوری
اسلام آباد(ایمرا نیوز آن لائن)
وفاقی کابینہ نے غربت مٹاؤ اور سوشل پروٹیکشن کی نئی وزارت کی منظوری دے دی،آئی پی ایل کی نشریات بھی پاکستان میں دکھانے پر پابندی ہوگی،اجلاس میں 19نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ جس میں ملک کی سیاسی ، معاشی صورتحال کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس میں 19نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے غربت مٹاؤ اور سوشل پروٹیکشن کی نئی وزارت کی منظوری دے دی۔بتایا گیا ہے کہ نئی وزرات شماریات ڈویژن کی جگہ کام کرے گی۔ شماریات ڈویژن کو منصوبہ بندی ڈویژن کے ماتحت کردیا گیا۔اسی طرح کابینہ نے پاکستان میں انڈین پریمیئر لیگ کی نشریات پر پابندی کی منظوری دے دی۔
وزارت پٹرولیم کے ماتحت اداروں کے بورڈز کی بھی تشکیل نو کی جائے گی۔ وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ اب تک کابینہ کے 133اجلاس ہوچکے ہیں۔ کابینہ اجلاسوں میں ہونے والے فیصلوں پر 90روز میں عملدرآمد ممکن بنایا جائے گا۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان نے کابینہ اجلاس میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں جہانگیرترین اور شاہ محمود قریشی کے درمیان اختلافات پر اظہار برہمی کیا ہے۔ وزیراعظم نے وزراء کو بیان بازی سے منع کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے اندرونی معاملات کا اظہار میڈیا پر کرنا مناسب نہیں۔اجلاس میں کون شرکت کرے گا اور کون نہیں کرے گا، یہ میری صوابدید ہے۔انہوں نے کہا کہ جہانگیرترین کو میں نے خود اسائمنٹ دی تھی۔عدالتی فیصلوں کا احترام کرتے ہیں ، جہانگیرترین نے بطور ایکسپرٹ بریفنگ دی۔وزیراعظم نے کہا کہ پوری پارٹی ملکی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے اتحاد کا مظاہرہ کرے۔