محرم الحرام کی آمد/ پولیس کا امن کمیٹیوں کے ساتھ اجلاس
لاہور : ڈی آئی جی آپریشنز لاہورسید علی ناصر رضوی کی زیرصدارت الحمراء ہال میں سول لائنز اور کینٹ ڈویژنز کی امن کمیٹیوں کا اجلاس منعقد ہوا۔مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام ،مجالس وجلوسوں کے لائسنس ہولڈرز نے اجلاس میں شرکت کی۔ ایس پی کینٹ ، ایس پی سول لائنز ودیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجودتھے۔ شرکاء نے محرم کے پُر امن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے اپنی اپنی آراء دیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ پُر امن محرم الحرام کیلئے ہم سب کو مل کرمذہبی ہم آہنگی ورواداری کو فروغ دینا ہے۔ علماء ومشائخ اپنی تقاریر و خطبات میں بھائی چارے ،مساوات اوربرداشت کا درس دیں۔ سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ محرم الحرام میں امن وامان کی فضاء برقرار رکھنے کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ امن کمیٹیوںکے ساتھ چوکی، تھانہ،سرکل اور ڈویژن کی سطح پر اجلاس کئے جارہے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ محرم کے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔مجالس وجلوسوں کے روٹس اور اوقات کار کی پابندی یقینی بنائی جائیگی۔ہر مجلس وجلوس کے روٹ اور تعزیے کی سکیورٹی کا خود جائزہ لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پُر امن محرم کیلئے لاہور پولیس ہر طرح کی لاجسٹک سپورٹ فراہم کرے گی۔ امام بارگاہوں واطراف کے سی سی ٹی وی کیمرے آپریشنل رکھے جائیں۔مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر، متنازعہ تقاریر اور وال چاکنگ میں ملوث افراد سے سختی سے نمٹا جائیگا۔ سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ ہماری تنخواہیں عوام کے ٹیکسوں سے آتی ہیں، عوام کی خدمت میں ہمہ وقت حاضر ہیں۔ محرم الحرام میں پولیس تھانوں میں نہیں آپ کی حفاظت کرتی نظر آئے گی۔انہوںنے کہا کہ ہم نے لوگوں کی جان ومال اورعزت کی حفاظت کی قسم کھائی ہے۔ڈیوٹی کوصرف ڈیوٹی سمجھ کر نہیں عبادت سمجھ کر سرانجام دینا ہے۔ مخلوق خدا کی خدمت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائیگا۔سید علی ناصر رضوی نے مزید کہا کہ شہر بھر میں سرچ آپریشنز روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں۔شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری 15 اور 1787 پر دیں