محمد حفیظ کی شاندار بیٹنگ نے جوبرگ بفیلوز کو پوائنٹس ٹیبل پر آگے پہنچادیا
ہرارے :ہرارے اسپورٹس کلب میں جوبرگ بفیلوز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بولاوایو بریوز کو 14 رنز سے شکست دیکر پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر پہنچ گئے۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جوبرگ بفیلوز کا آغاز سست تھا اور اس نے اپنے اوپنر ملٹن شومبا (0) کو بہت جلد کھو دیا۔ اس کے فورا بعد ہی ٹام بینٹن، جو حال ہی میں اچھی فارم میں ہیں، 8 رنز بنا کر رن آوٹ ہو گئے اور اسکور 40/2 تھا۔اس موقع پر محمد حفیظ خطرناک دکھائی دے رہے تھے اور ان کے ساتھ یوسف پٹھان بھی تھے۔ یہ دونوں تجربہ کار بلے بازوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے بفیلوز کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ محمد حفیظ 11 گیندوں پر 31 رنز بنا کر آوٹ ہوئے انہوں نے 2 چھکے اور 4 چوکے لگائے۔بفیلوز نے مقررہ 10 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز بنائے۔ یوسف 36 رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے جبکہ رحیم نے 13 رنز کا اضافہ کیا۔جواب میں بولاوایو بریوز نے کوبے ہرفٹ (1)، بین میکڈرموٹ (10) اور بیو ویبسٹر (0) کی ابتدائی تین وکٹیں گنوا دیں۔ تاہم ان کے کپتان اور بیٹنگ آرڈر کی ریڑھ کی ہڈی سکندر رضا آئے اور ٹیم کو سنبھالا دیا ۔ ٹورنامنٹ میں اب تک دو نصف سنچریاں بنانے والے رضا زیادہ دیر نہ ٹیک سکے اس کے بعد برل کی وکٹ محمد حفیظ نے حاصل کی اس وقت اسکور 5 اوورز میں4 وکٹوں کے نقصان پر 42 رنز اور بریوز کو جیت کے لیے مزید 56 رنز درکار تھے۔آخری اوور میں بریوز کو مزید 16 رنز درکار تھے لیکن جونیئر ڈالا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے صرف ایک رن دیا اور جیک پرسٹویج (0) اور پیٹرک ڈولی (0) کی وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کی جیت کو یقینی بنادیا۔